0
Thursday 15 Jul 2010 13:16

اسرائیلی اور امریکی ایجنٹوں نے شدید ذہنی اور جسمانی اذیت دی،شہرام امیری

سی آئی اے نے ایرانی سائنسدان کو 50 ملین ڈالر کی پیش کش کی تھی
اسرائیلی اور امریکی ایجنٹوں نے شدید ذہنی اور جسمانی اذیت دی،شہرام امیری
تہران:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق ایرانی ریسرچر شہرام امیری نے کہا ہے کہ انہیں امریکی سی آئی اے نے سعودی عرب سے اغوا کیا۔تفتیش کے دوران اسرائیلی اور امریکی ایجنٹوں نے شدید ذہنی اور جسمانی اذیت دی۔امریکا سے واپسی پر تہران میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہرام امیری نے بتایا کہ وہ ایٹمی سائنسدان نہیں،صرف ریسرچر ہیں۔سعودی عرب سے اغوا کے بعد واشنگٹن میں امریکی سی آئی اے نے سخت نگرانی میں رکھا۔ان کا کہنا تھا وہ کہیں بھی جاتے تھے تو سی آئی اے کے مسلح لوگ ان کی نگرانی کرتے تھے۔
شہرام امیری نے میڈیا کو بتایا کہ امریکا نے ان سے ایرانی ایٹمی پروگرام کے متعلق معلومات لینے کی کوشش کی۔ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ سی آئی اے نے امیری کو پچاس لاکھ ڈالر رشوت دی۔اور ایران کے جوہری پروگرام کے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔
سی آئی اے نے ایرانی سائنسدان کو 50 ملین ڈالر کی پیش کش کی تھی 
جنگ نیوز کے مطابق سی آئی اے نے ایرانی سائنس دان سے ایرانی ایٹمی پروگرام کی معلومات کے بدلے پچاس لاکھ ڈالر ادا کیے۔برطانوی اور امریکی خبر رساں اداروں نے واشنگٹن پوسٹ کی خبر کے حوالے سے کہا ہے کہ ایرانی سائنسدان،جس نے دعویٰ کیا کہ اسے امریکی ایجنٹوں نے اغوا کر لیا تھا،کو ایرانی نیوکلیئر پروگرام کے بارے معلومات حاصل کرنے کے لیے امریکی سی آئی اے نے 5 ملین ڈالر ادا کیے۔ایرانی سائنس دان شہرام امیری کا اپنے وطن واپس پر ایک ہیرو کی طرح استقبال کیا گیا جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے امریکا میں قیام کے لیے 50 ملین ڈالر کی پیش کش کی تھی۔
آج نیوز کے مطابق مغوی ایرانی ایٹمی سائنسدان امریکا سے تہران پہنچ گیا۔امام خمینی ایئرپورٹ پر ایرانی سائنسدان شہرام امیری کا اس کی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد نے استقبال کیا۔مغوی کو لینے کے لیے نائب وزیر خارجہ بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔شہرام امیری جون دو ہزار نو میں سعودی عرب سے لاپتہ ہو گیا تھا،جس پر ایران نے امریکا پر ایٹمی سائنسدان کے اغوا کا الزام لگایا تھا۔گزشتہ دنوں ایرانی سرکاری ریڈیو نے بتایا تھا کہ مغوی سائنسدان نے واشنگٹن میں ایرانی مفادات کے نگہبان سیکشن میں پناہ لے لی ہے اور وہ جلد وطن لوٹنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 31123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش