QR CodeQR Code

خیبرپختونخوا، انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کی منظوری

18 Oct 2013 19:15

اسلام ٹائمز: صوبائی کابینہ نے اجلاس میں وفاق کی جانب سے امن مذاکرات میں سست روی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ مذاکرات کے حوالے سے فوری فیصلہ کریں کیونکہ سازشی اور ملک دشمن عناصر نے خیبرپختونخوا کو نشانہ بنا رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کابینہ نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سخت اقدامات کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دے دی۔ صوبائی حکومت نے یہ فیصلہ گزشتہ روز خود کش حملے میں خیبر پختونخوا کے وزیر قانون اسرار اللہ خان کی ہلاکت کے بعد کیا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے روز وزیر قانون کے گھر کے باہر ہونے والے دھماکے میں صوبائی وزیر سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ امن و امان کے حوالے سے خیبر پختونخوا کی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی گئی جس کی قیادت آئی جی کریں گے جبکہ اس میں فوج، فرنٹیئر کورپس، فرنٹیئر کانسٹیبلری سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔ اجلاس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری پلاٹون کو صوبے کو واپس کیا جائے تا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر قابو پایا جا سکے۔ کابینہ نے صوبائی دارالحکومت میں مقیم غیر قانونی افغان مہاجرین پر کڑی نظر رکھنے اور کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث ہونے پر ملک بدر کرنے کی ہدایت کر دی۔ صوبائی کابینہ نے اجلاس میں وفاق کی جانب سے امن مذاکرات میں سست روی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وہ مذاکرات کے حوالے سے فوری فیصلہ کریں کیونکہ سازشی اور ملک دشمن عناصر نے خیبرپختونخوا کو نشانہ بنا رکھا ہے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ مذاکرات سے ہی معلوم ہو گا کہ کون امن چاہتا ہے اور کون امن کا دشمن ہے۔ کابینہ کے ارکان نے کہا کہ صوبائی حکومت مرکز کے کسی اقدام کے انتظار میں اپنے عوام کو مزید دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔ کابینہ نے صوبے کے تمام پراپرٹی ڈیلرز اور مکان مالکان کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر اپنے کرائے داروں کے مکمل کوائف متعلقہ تھانوں میں جمع کرائیں اور ان میں ردو بدل سے بھی پولیس کو آگاہ کرتے رہیں۔


خبر کا کوڈ: 312130

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/312130/خیبرپختونخوا-انسداد-دہشت-گردی-فورس-کے-قیام-کی-منظوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org