QR CodeQR Code

انسداد دہشتگردی فورس کی تشکیل کا لائحہ عمل تیار، وزیراعظم نے منظوری دیدی

19 Oct 2013 14:15

اسلام ٹائمز: اس فورس کے لئے بھرتی کئے جانے والے جوانوں کی سلیکشن کے موقع پر اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا کہ اس کا تعلق مذہبی گھرانے سے تو نہیں یا اس کے کسی مذہبی جماعت کے ساتھ تو تعلقات نہیں رہے۔ اس حوالے سے نوجوانوں کے ذہنی رجحانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔


لاہور سے ابو فجر کی رپورٹ

دہشتگردی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور شدید عوامی دبائو کے بعد وفاقی حکومت نے دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے انسداد دہشتگردی فورس کی تشکیل کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف نے سکیورٹی اداروں کو ایک ٹاسک دیا تھا جس کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس کے لائحہ عمل کی تشکیل اور اس کے اسٹرکچر کی تیاری تھا۔ سکیورٹی اداروں کے حکام اور ریٹائرڈ افسروں پر مشتمل کمیٹی نے لائحہ عمل تیار کر لیا اور اسے امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے ہونے والے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم کے سامنے پیش کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے گذشتہ روز ایک اعلٰی سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لئے خصوصی فورس کا قیام عمل میں لایا جائے، جس کا آغاز ابتدائی طور پر پنجاب سے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس فورس کے قیام کے لئے جو تجاویز زیر غور ہیں اس میں اس فورس کے اہلکاروں کی تربیت فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی طرز پر کروائی جائے گی، پنجاب سے اس فورس میں کل 2 ہزار جوان بھرتی کئے جائیں گے، جن کا ابتدائی بیج 500 سے 600 کے درمیان ہوگا۔ اس انسداد دہشت گردی فورس میں فوج سے ریٹائرڈ ایس ایس جی کمانڈوز اور دیگر تربیت یافتہ افراد کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بھی تجویز زیر غور ہے کہ ملک بھر سے اس فورس کے لئے 8 سے 10 ہزار جوان بھرتی کئے جائیں گے۔ اس تجویز کو حتمی شکل دینے کے بعد اس کا پہلا دستہ 2 ماہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا اور کسی بھی جگہ دہشت گردی یا کسی اور واقعے پر پہنچنے کی ذمہ داری اسی فورس کی ہوگی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھرتیوں کے لیے اشتہار 31 اکتوبر تک آنے کا امکان ہے، بھرتیاں نومبر میں کی جائیں گی اور پہلا دستہ فروری میں تربیت مکمل کر لے گا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے ان تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس کی منظوری دے دی ہے اور اس پر جنگی بنیادوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس فورس کے لئے بھرتی کئے جانے والے جوانوں کی سلیکشن کے موقع پر اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا کہ اس کا تعلق مذہبی گھرانے سے تو نہیں یا اس کے کسی مذہبی جماعت کے ساتھ تو تعلقات نہیں رہے۔ اس حوالے سے نوجوانوں کے ذہنی رجحانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ فورس کے لئے محب وطن اور  مخلص نوجوانوں کو ہی بھرتی کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے دہشت گردوں کو ملک میں وارداتیں نہ کرنے کی اپیل کی تھی لیکن ان کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا، جس کے بعد ہی فورس کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تحریک طالبان کے ساتھ بھی مذاکرات میں بھی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔


خبر کا کوڈ: 312279

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/312279/انسداد-دہشتگردی-فورس-کی-تشکیل-کا-لائحہ-عمل-تیار-وزیراعظم-نے-منظوری-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org