QR CodeQR Code

اگر کسی دن عزاداری مستحب تھی تو آج واجب ہے

یہ محرم کسی اور انداز میں آرہا ہے، عزاداری کو بھرپور انداز میں قائم کرنے کیلئے آمادہ ہوجائیں، علامہ ساجد نقوی

عزاداری برپا کرنے کیلئے کسی لائسنس اور پرمٹ کی ضرورت نہیں

21 Oct 2013 12:45

اسلام ٹائمز: خیرپور میں عزاداری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سنگینوں کے سائے اور کرفیو کے عالم میں عزاداری کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سکھر ڈویژن کے زیراہتمام خیرپور میرس عیدگاہ میں عزاداری سیدالشہداء (ع) کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں عوام کے علاوہ علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی۔ جبکہ صدارتی خطاب علامہ سید ساجد علی نقوی نے کیا۔  علامہ ساجد نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عزاداری سیدالشہداء (علیہ السلام) ہماری شہ رگ حیات ہے، اگر کسی دن عزاداری مستحب تھی تو آج کے دور میں واجب ہے۔ سنگینوں کے سائے اور کرفیو کے عالم میں عزاداری کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ ہم اس ملک کے آزاد شہری ہیں اور پاکستان کے آئین کے مطابق ہم جب چاہیں اور جہاں چاہیں عزاداری مولا حسین (علیہ السلام) برپا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عزاداری سیدالشہداء (علیہ السلام) کو برپا کرنے کیلئے کسی قسم کے لائسنس اور پرمنٹ کی ضرورت نہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ تمام مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کرے اور ہم متنبہ کرتے ہیں کہ سکیورٹی کے بہانے سے کسی بھی مجلس اور جلوس میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں اور ہم قطعاً اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ 

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت عزاداری سید الشہداء (علیہ السلام ) کو روک نہیں سکتی، اسی لئے یہ شعائر چودہ سو سال سے لیکر آج تک قائم ہیں۔ محرم الحرام میں عزاداری مولا حسین (علیہ السلام) کو برپا کیا جاتا ہے اور مولا (ع) کسی خاص مذہب اور مکتب کے نہیں بلکہ عالم انسانیت کے محسن ہیں۔ اسی لئے وحدت امت کے مناظر زیادہ سے زیادہ ہونے چاہیں، انہوں نے کہا کہ سب لوگوں کو عزاداری میں شرکت کرنا چاہیے۔ سب کو آنے دو اور سب سے ملکر عزاداری مولا (ع) کو قائم کرو۔ انہوں نے کہا کہ میں متوجہ کر رہا ہوں کہ یہ محرم کسی اور انداز میں آرہا ہے، اس کیلئے تیاری کر لو اور عزاداری سیدالشہداء (ع) کو بھرپور انداز میں قائم کرنے کیلئے سب آمادہ ہوجائیں۔


خبر کا کوڈ: 312815

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/312815/یہ-محرم-کسی-اور-انداز-میں-ا-رہا-ہے-عزاداری-کو-بھرپور-قائم-کرنے-کیلئے-ا-مادہ-ہوجائیں-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org