QR CodeQR Code

ریاست دہشتگردوں کیخلاف کمزوری کا مظاہرہ کر رہی ہے

وطن عزیز کو دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دینگے، علامہ امین شہیدی

22 Oct 2013 11:32

اسلام ٹائمز: ٹھٹھہ میں جشن غدیر کانفرنس اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ عظمت ولایت کانفرنس میں سندھ بھر سے لاکھوں فرزندان ولایت غدیری عزم و حوصلے کے ساتھ شریک ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ27 اکتوبر کو کراچی کی سرزمین مادر وطن سے محبت کرنے والوں کے عشق کی گواہی دے گی، سندھ بھر سے قافلے عظمت ولایت کانفرنس میں شرکت کریں گے، ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کے بنتیجے میں حاصل کردہ پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں جشن غدیر کانفرنس اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی، ضلع ٹھٹھہ کے سیکرٹری جنرل مختیار دایو، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید شاہجہان شاہ، ڈاکٹر عبدالحسین شاہ، خلیل کھتری، عمران علی پٹھان اور دیگر بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ کراچی کی سر زمین پر پیروان ولایت کا عظیم اجتماع عظمت ولایت ایک نئی تاریخ رقم کریگا، یہ اجتماع دہشتگردی، لاقانونیت اور مہنگائی کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگا۔ سندھ بھر سے لاکھوں فرزندان ولایت غدیری عزم و حوصلے کے ساتھ عظمت ولایت کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں بالکل ناکام ہو چکے ہیں، پوری ریاست آہستہ آہستہ دہشتگردوں کے سامنے سرینڈر کرتی چلی جا رہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ کمزیوری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور دہشتگرد ان پر غالب آ رہے ہیں، ہم پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں، اس وطن کے غیور اور باوفا بیٹے اس ملک کی تباہی اور بربادی پر نظارہ گر نہیں بنیں گے، ہم وطن کی سالمیت کے خلاف اٹھنے والے ہاتھوں کو توڑنا جانتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی صورتحال کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں عوامی تحریک اور امت کی بیداری کے ذریعے اپنے حقوق کو حاصل کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان میں امام خمینی (رح) کے نظام فکر کے تحت ہم بھی سیاسی جدوجہد کے ذریعے ملت کے حقوق کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ عام و سرکاری شہریوں کی آئے روز خودکش دھماکوں میں شہادتیں اس ملک کو اندرونی طور پر کمزور کر رہی ہیں، ہمارے حکمران مذاکرات کیلئے سنجیدہ طالبان کی تلاش میں اور وہ انہیں لاشوں پر لاشوں کے تحفے بہیجتے جا رہے ہیں، دہشتگردی کو ڈرون حملوں اور غلط پالیسی کا نتیجہ قرار دینے والے طالبان کے ہمدرد ان سے پوچھیں کہ تم نے کتنے امریکی ڈرون مار گرائے، کتنے نیٹو فوج ہلاک کئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 313001

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/313001/وطن-عزیز-کو-دہشتگردوں-کے-ہاتھوں-یرغمال-نہیں-ہونے-دینگے-علامہ-امین-شہیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org