0
Tuesday 22 Oct 2013 00:41

مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی و موت کا مسئلہ بن چکا ہے، حافظ سعید

مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی و موت کا مسئلہ بن چکا ہے، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة پاکستان کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ انڈیا نے اپنی آٹھ لاکھ فوج زبردستی کشمیر پر مسلط کر رکھی ہے۔ بھارت سرکار نے اٹوٹ انگ کی رٹ نہ چھوڑی تو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے نتیجہ میں اسکا انگ انگ ٹوٹ جائے گا۔ مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کی بات چیت کو بھارتی وزیر خارجہ کی طرف سے وقت کا ضیاع قرار دینے سے ایک بار پھر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ انڈیا کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کرنے کیلئے کسی صورت تیار نہیں ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب کریے۔ اپنے بیان میں حافظ سعید نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو خود ہی اقوام متحدہ میں لے کر گیا اور کشمیر میں استصواب رائے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب وہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہے اور متنازعہ کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنے کا شور مچا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی کرکے بھارت سرکار دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔
 
حافظ محمد سعید نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پوری قوت سے جاری ہے اور انشاءاللہ جاری رہے گی۔ بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر مقبوضہ کشمیر پر زیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ فوجی قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا یہ بات اچھی طرح سمجھ چکی ہے کہ کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اسلئے اب انڈیا کو چاہئے کہ اٹوٹ انگ کی رٹ چھوڑ کر کشمیر سے اپنی آٹھ لاکھ فوج نکال لے اور کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرنا چاہئے۔ امیر جماعة الدعوة نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اٹھارہ کروڑ عوام ایک ہی موقف پر متحد ہیں کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ اسی خاطر کشمیری پاکستان کی سب سے پہلی دفاعی لائن کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور آج بھی سری نگر میں لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے ہیں اور پاکستان کا پرچم لہرایا جاتا ہے۔ بے پناہ قربانیاں پیش کرنے کے بعد بھی ان کے عزم و حوصلہ میں کمی نہیں آئی۔
 
جماعة الدعوة پاستان کے امیر نے کہا کہ بھارت نے پچھلے گیارہ برسوں میں اس خطہ میں امریکا کی موجودگی سے بہت فائدے اٹھائے ہیں۔ وہ افغانستان میں بیٹھ کر ٹریننگ سنٹروں میں تربیت دیکر دہشت گردوں کو پاکستان میں داخل کرتا رہا ہے، بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں کھڑی کی گئیں، کراچی، سندھ اور خیبر پختونخواہ میں بدترین تخریب کاری و دہشت گردی کی گئی۔ حافظ سعید نے کہا کہ اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی دریاوں پر غیر قانونی ڈیم بنا کر پاکستان کے خلاف واٹر بم کو استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن اب حالات تبدیل ہو چکے ہیں۔ پاکستان کے خلاف اسکی سازشیں انشاءاللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہی نہیں پاکستان کے لئے بھی زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ اپنے بیان میں حافظ سعید نے مزید کہا کہ کشمیری و پاکستانی قوم غاصب بھارت سے مکمل آزادی کے سوا مسلط کردہ کوئی حل قبول نہیں کرے گی۔ کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرنا پوری قوم پر فرض ہے۔
خبر کا کوڈ : 313047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش