0
Tuesday 22 Oct 2013 20:13

اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 26 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل

اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 26 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر 26 ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کردی ہے۔ ان ارکان کی رکنیت اُس وقت تک معطل رہے گی جب تک وہ گوشوارے جمع نہیں کرواتے۔ اس کے علاوہ یہ ارکان سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے اجلاسوں میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے، جبکہ اس عرصے کے دوران دیگر مراعات سے بھی مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق جن ارکان پارلیمنٹ اور ارکان صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کی گئی ہے اُن میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹ کے رکن سینیٹر فیصل رضا عابدی کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر سید مصطفٰی کمال شامل ہیں، جبکہ ارکان قومی اسمبلی میں عبدالرحمٰن خان کانجو، شاہجہان بلوچ اور خواتین کے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی علیزہ اقبال حیدر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے جن ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے اُن میں صوبہ سندھ کے 9، صوبہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی کے 7، پنجاب اسمبلی کے 4 جبکہ بلوچستان اسمبلی کے ایک رکن شامل ہیں۔ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے 40 ارکان پارلیمنٹ کی فہرست جاری کی تھی جنہوں نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کروائی تھیں تاہم سابق وزیر داخلہ رحمان ملک سمیت دیگر 14 ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کروا دی تھیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے ارکان پارلیمنٹ کے گوشواروں کی معلومات غلط ہونے پر 3 سال قید یا 5 ہزار جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ جو 5 سال کیلئے نااہلی کا پروانہ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

خبر کا کوڈ : 313288
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش