0
Tuesday 22 Oct 2013 22:11

بلوچستان میں محرم الحرام کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مشتاق احمد سکھیرا

بلوچستان میں محرم الحرام کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مشتاق احمد سکھیرا

اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان مشتاق احمد سکھیرا نے کوئٹہ پولیس لائن میں آواران کے زلزلہ متاثرین کے لئے پولیس کی جانب سے جمع کئے گئے امدادی سامان کو ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی حافظ عبدالباسط کے حوالے کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نصب 32 سکیورٹی کیمروں میں سے 12 کیمرے کام کر رہے ہیں۔ محرم الحرام تک باقی کیمرے بھی کام کرنا شروع کردیں گے۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کوئٹہ عارف نواز خان، ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ شہر میں محرم کے جلوس کے راستوں پر قائم دوکانوں اور رہائشی مکانات میں دئیے گئے سکیورٹی فارم لوگوں کے تحفظ کے لئے ہیں تاکہ دہشت گرد عناصر انہیں یا ان کے گھر دکان کو کسی بھی تخریبی کاروائی کے لئے استعمال نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سکیورٹی انتظامات کے لئے لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ اس دوران انہوں نے زلزلہ متاثرین کی امداد سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پولیس کی جانب سے شہر میں مختلف مقامات پر تین امدادی کیمپ لگائے گئے۔ جہاں سے جمع ہونے والا سامان آج سات ٹرکوں کے ذریعے پی ڈی ایم اے کے حوالے کیا ہے۔ تاکہ زلزلہ متاثرین تک پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان میں اشیاء خوردونوش، کپڑے، جوتے، کمبل سمیت دیگر ضروری استعمال کی چیزیں شامل ہیں۔ جبکہ پولیس افسران کی پانچ دن اور دیگر ملازمین کی ایک دن کی تنخواہیں بھی زلزلہ متاثرین کیلئے دی گئی ہیں کیونکہ پولیس بھی زلزلہ سے متاثرہ اپنے بھائیوں کو اس مصیبت کی گھڑی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ آواران زلزلے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا عملہ موقع پر پہنچا۔ جنہوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور متاثرین کی مدد کی انہوں نے کہا کہ پولیس کی استعداد کار کو بڑھایا جا رہا ہے۔ اے ٹی ایف سکول کو فعال بنا کر جدید تربیت شروع کی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں دو سو جوانوں کو دہشتگردی سمیت دیگر جرائم سے نمٹنے کی جدید تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 سینٹر کو فعال بنانے کے لئے تمام اقدامات مکمل کرلئے ہیں۔ اس کو فعال بنا کر موبائل گشت میں اضافہ کردیا جائے گا تاکہ شہر میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

خبر کا کوڈ : 313311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش