0
Wednesday 23 Oct 2013 15:05

بیگم نصرت بھٹو نے یزید ثانی جنرل ضیاء کے دور یذیدیت کیخلاف بے مثال جدوجہد کی، غنویٰ بھٹو

بیگم نصرت بھٹو نے یزید ثانی جنرل ضیاء کے دور یذیدیت کیخلاف بے مثال جدوجہد کی، غنویٰ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے پیپلز پارٹی کی تاحیات چیئرپرسن اور پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی شریک حیات بیگم نصرت بھٹو کی دوسری برسی کے موقع پر قوم بالخصوص پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو جنہیں قوم مادر جمہوریت کے نام سے بھی پکارتی ہے، ایوب، جنرل یحیٰ اور پھر یذید ثانی جنرل ضیاءالحق کے دور یذیدیت کے خلاف بے مثال جدوجہد کی اور بحالی جمہوریت کی تحریک کی قیادت کرتی رہیں اور اس جرم کی پاداش میں کبھی نظر بند تو کبھی جلاوطنی کی اذیتوں اور صعوبتوں کو برداشت کرتی رہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو پر جنرل ضیاءآمریت کے دور میں پولیس کی لاٹھیاں بھی برسائیں گئیں اور ان کا سر اور چہرہ لہو لہان ہوگیا لیکن ان کے پائے استقامت میں کبھی لغزش نہیں آئی۔ غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ بیگم نصرت بھٹو یزیدیت کے خلاف حق صداقت کا پرچم بلند رکھتے ہوئے بی بی زینب کی پیروی کرتے ہوئے جنت کے پیروکار ہونے کا ثبوت دیتی رہیں۔

غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو استحصالی نظام اور اس خطہ میں سامراجی قوتوں بالخصوص امریکا کے مذموم عزائم کے خلاف مزاحمتی جدوجہد کرنے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ، فلسفہ سیاست اور فکر و عمل کی تقلید کی مثال تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر شہید بھٹو، عظیم فرزند سالار انقلاب شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو جنہیں سامراجی قوتوں کے خلاف صف آراء ہونے کی پاداش میں شہید کر دیا گیا کی جدائی کا غم بھی برداشت کرتی رہیں لیکن وطن کے مظلوم استحصال زدہ عوام کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل رہیں۔ چیئرپرسن پی پی شہید بھٹو نے کہا کہ بعض نامعلوم وجوہ کی بناء انہیں ان کی مرضی کے خلاف اپنے عوام اور جگر گوشوں سے جدا کر دیا گیا اور ان کو دوبئی میں سکونت اختیار کرنے پر مجبور کر دیا گیا اور بیگم نصرت بھٹو عوام اور اپنوں کی جدائی کا دکھ برداشت کرتے کرتے علیل ہو گئیں اور وہ وفات پا گئیں اور شہادت کا درجہ پاگئیں۔
 
پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کے دیگر لازوال کارناموں کے ساتھ ساتھ یہ کارنامہ بھی شامل ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی چیئرپرسن کی حیثیت میں خواتین میں بیداری اور سیاسی شعور پیدا کرنے میں مصروف عمل رہیں۔ انہوں نے ملک کے گوشہ گوشہ میں جا کر غریب ہاری، مزدور اور دیگر طبقہ سے تعلق رکھنے والی خواتین میں معاشرے میں موجود برائیوں کو سمجھنے کا ادراک اور آگہی پیدا کی۔ غنویٰ بھٹو نے عوام اور بالخصوص پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مادر عوام، مادر جمہوریت کی برسی رسمی طور پر نہ منائیں بلکہ ان کے فکر و عمل کو اپناتے ہوئے دور حاضر کے حکمرانوں جو سامراجی قوتوں بالخصوص امریکا کی خوشنودی حاصل کرکے استحصالی نظام کو دوام بخشنے اور اقتدار پر براجماں رہنے، کرپشن، قومی دولت کی لوٹ مار اور حقیقی جمہوری اقدار کو پائمال کرنے پر تلے ہوئے ہیں کے خلاف متحد و منظم ہو کر جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید بھٹو عوام کی اس جدوجہد اور بیگم نصرت بھٹو کے نظریہ و عمل کی تقلید کرتے ہوئے ان کے ساتھ رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 313490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش