0
Wednesday 23 Oct 2013 18:53

امریکی ڈرون حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں،لیاقت بلوچ

امریکی ڈرون حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں،لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جاری رپورٹ میں انسان دشمن ، جمہوریت دشمن اور نام نہاد انسانی حقوق کے تحفظ کے چمپئن امریکہ کا چہرہ بے نقاب کردیا گیاہے ، پاکستان میں ڈرون حملے آزادی و خود مختاری پر حملہ اور عالمی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، ڈرون حملوں کے ذریعے عالمی قوانین کے دائرہ کار سے آزاد ہو کر انسانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی امریکی ڈرون حملوں کی جامع رپورٹ سے یہ حقیقت منظر عام پر آ گئی ہے اور ہم ایک عرصہ سے دنیا کو اس صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں کہ امریکہ اقوام متحدہ کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر کے ڈرون حملے کر رہا ہے جس سے بے گناہ شہریوں کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں، امریکی انتظامیہ عدالتوں اور عالمی قوانین روندتے ہوئے قتل عام کر رہی ہے، امریکی ڈرون حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں لیکن پوری دنیا امریکی لاقانونیت کے سامنے خاموشی اور انسان دشمن رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے ڈرون حملے لاقانونیت کی انتہا ہیں اس سے خطہ میں شدت پسندی و انتہاپسندی اور انتقامی جذبات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ عالمی دباؤ پر ڈرون حملوں کے حوالے سے ہمیشہ شفافیت کا اعلان اور وعدہ کرتی ہے لیکن ان اعلانات پر کبھی بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا، امریکی ڈرون حملوں کے متاثرین کی داد رسی نہیں ہو رہی ، ڈرون حملے سے زخمی ہونے والوں کی مدد کو اہل علاقہ جب پہنچتے ہیں تو دوسرے حملے کے ذریعے سب کا قتل عام کر دیا جاتا ہے حملہ آوروں کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان میں غیر قانونی اموات کی ذمہ دار ہے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے، عملاً جنگی جرائم اس کی گردن پر ہیں اسی طرح حکومت پاکستان بھی امریکہ کی نام نہاد وار آن ٹیرر میں مدد دینے کے جرم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈرون حملے رکوانے کے لیے عالمی اور قومی محاذ پر فعال اور جرائتمندانہ کردار ادا کرے، بین الاقوامی برادری کو امریکی ڈرون حملوں کی مخالفت کے لیے تیار کیا جائے، بین الاقوامی برادری اس ظلم کے تدارک کے لیے کردار ادا کرے۔ حملوں کے شکار لوگوں کو انصاف فراہم کیا جائے اور ان کے لیے ہر قسم کی چارہ جوئی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 313573
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش