0
Friday 25 Oct 2013 00:10

امریکی ڈرون طیاروں کو گرانے کا حکم دیا جائے، انجینئر نوید قمر

امریکی ڈرون طیاروں کو گرانے کا حکم دیا جائے، انجینئر نوید قمر
اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة کراچی کے امیر انجینئر نوید قمر نے کہا ہے کہ بھارت منظم سازشوں و منصوبہ بندی کے تحت سرحدوں پر جنگ کا ماحول پیدا کر رہا ہے اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردی کا ارتکاب کیا جا رہا ہے۔ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر حملہ ہیں۔ ڈرون حملوں پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ مسترد کرنے سے امریکی عزائم ایک بار پھر کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ بھارت آٹھ لاکھ فوج اور تمام تر وسائل کے باوجود نہتے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مدد و حمایت جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےمرکز تقویٰ کراچی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر نوید قمر نے کہا کہ بھارت بیرونی قوتوں کی شہ پر کنٹرول لائن پر بار بار جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ وہ ایک طرف دنیا کو دکھانے کیلئے پاکستان سے تعلقات میں بہتری لانے کی کوششوں کے ڈھونگ رچا رہا ہے اور دوسری طرف پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
 
انجینئر نوید قمر نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ اگر اس موقع پر خاموشی اختیار کی گئی تو وہ اپنی ان مذموم حرکتوں سے باز نہیں آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون حملے، فرقہ وارانہ لڑائیاں،تخریب کاری اور بم دھماکے اسی جنگ کا حصہ ہیں جو دس سال سے اس خطہ میں لڑی جا رہی ہے۔ جماعة الدعوة کراچی کے امیر نے کہا کہ امریکا بار بار پاکستان کی جانب سے ڈرون حملے بند کرنے کے مطالبے کو رد کر چکا ہے۔ پوری دنیا میں انسانی حقوق کا احساس رکھنے والا طبقہ ڈرون حملوں کو غلط قرار دے رہا ہے لیکن امریکہ اپنی ڈھٹائی پر اڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے بند کروانے کے لئے پاکستان امریکا پر عالمی برادری کا دباﺅ بڑھائے۔ حکومت کو اس حوالہ سے امریکا سے کھل کر بات کرنی چاہیے، اگر وہ ڈرون حملوں سے باز نہیں آتا تو پھر بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے امریکی ڈرون طیارے گرانے کا حکم دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 313954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش