0
Friday 25 Oct 2013 00:22

پاک چین دوستی ”ڈو مور“ کی تکرار کرتی کسی طاقت کیلئے قربان نہیں کی جا سکتی، شمشاد غوری

پاک چین دوستی ”ڈو مور“ کی تکرار کرتی کسی طاقت کیلئے قربان نہیں کی جا سکتی، شمشاد غوری
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا دورہ امریکا دو ملکوں کے باہمی تعلقات بہتر بنانے کا سبب بنتا ہے تو اسے نتیجہ خیز کہا جائے گا لیکن اگر اسے چین کے ساتھ تعلقات محدود کرنے یا تجارتی مراعات کی بجائے امدادکے حصول کا ذریعہ بنایا جائے گا تو یہ دورہ صرف وقت اور پیسے کا زیاں ہوگا۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر کراچی چیمبر آف کامرس کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شمشاد خان غوری نے کہا کہ چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور نصف صدی پر محیط پاک چین تعلقات دونوں ملکوں کی عوام کے خون میں رچ بس گئے ہیں، جسے ”ڈو مور“ کی تکرار کرتی کسی بھی طاقت کی خواہشات پر قربان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان پہلے ہی تنہائی کا شکار ہے لیکن ساری دنیا کی مخالفت کے باوجود دفاعی معاملات ہوں یا معاشی سرگرمیاں، توانائی کا حصول ہو یا انفراسٹرکچر کی بحالی ہر موقع پر چین نے مخلص دوست ہونے کا ثبوت دیا۔
 
شمشاد خان غوری نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو یاد رکھنا چاہئے کہ گوادر پورٹ، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ، JF17 لڑاکا طیارے، نئے نیوکلیئر ری ایکٹرز فراہمی کی ڈیل، زلزلوں اور سیلابوں جیسی قدرتی آفات کے دوران بھرپور مدد، آبی منصوبوں کیلئے وسائل اور تکنیکی معاونت سمیت بے شمار ایسے منصوبے جو کہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہونگے، چین کی دوستی کی مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں دیگر امور پر بات چیت ضرور کی جائے لیکن چین کے مسئلے پر کسی بھی قسم کی سودے بازی قوم قبول نہیں کرے گی۔ شمشاد خان غوری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام دوستی کے خواہاں ضرور ہیں لیکن یہ دوستی برابری کی بنیاد پر ہونی چاہئے، کسی کی ڈکٹیشن پر اپنی ترجیحات طے کرنا بالخصوص مخلص دوستی پر نظر ثانی ملکی مفاد میں ہے نہ اسے قبول کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 313958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش