QR CodeQR Code

عید غدیر شیعہ سنی اتحاد کو تقویت بخشنے کا بہترین موقعہ، عبد الحسین کشمیری

25 Oct 2013 19:27

اسلام ٹائمز: اس موقعہ پر اتحاد و اتفاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میر واعظ وسطی کشمیر جناب مولانا سید عبد الطیف بخاری نے کہا کہ ایسے اجتماعات کا اہتمام وقت کی اولین ضرورت ہے تاکہ گلستان اتحاد کی آبیاری کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے متعدد مقامات پر عید سعید غدیر انتہائی مذہبی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی، ان روح پرور اجتماعات میں شیعہ سنی عوام نے شرکت کر کے حضرت امیرالمومنین علی ان ابیطالب (ع) کے تئیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے دعائیں مانگی، مقبوضہ کشمیر میں اس مناسبت سے اپنے نوعیت کی منفرد اور تاریخی تقریب کا اہتمام مجمع جہانی اہلبیت اور مجمع جہانی تقریب بین المذاہب اسلامی کے نمائندے حاج عبد الحسین کشمیری کی سربراہی میں ہوا، جنہوں نے کشمیر کے دو قدآور دینی بزرگوں جناب میر سید شمس الدین موسوی اراکی (رح) اور جناب سلطان العارفین شیخ مخدوم حمزہ (رہ) کے آستانوں پر شیعہ سنی علماء کے اجتماع کا اہتمام کر کے آپسی بھائی چارے اور اتحاد بین المسلمین کے نعرے کو عملی جامہ پہنایا اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے ایک نئی تحریک کا آغاز کیا۔

اس موقعہ پر اتحاد و اتفاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میر واعظ وسطی کشمیر جناب مولانا سید عبد الطیف بخاری نے کہا کہ ایسے اجتماعات کا اہتمام وقت کی اولین ضرورت ہے تاکہ گلستان اتحاد کی آبیاری کی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو عالمی سطح پر متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک طاقتور قوم کے طور ابھر سکیں، درایں اثنا تقریب کے مہتمم حاج عبدالحسین کشمیری نے اپنے بیان میں عید غدیر کو اتحاد و اتفاق بین المسلمین کا بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ عید سعید غدیر مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی رسی کو مضبوط تر کرنے کا بہترین موقع ہے، نیز یہ عید شیعہ سنی بھائی چارے کی نوید ہے، لہٰذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے صفوں کو درست کر کے استعمار و استکبار کے مذموم چالوں اور سازشوں کو ناکارہ بنائیں تاکہ ملت مرحوم کا شیرازہ ابتر ہونے سے بچ سکے۔


خبر کا کوڈ: 314161

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/314161/عید-غدیر-شیعہ-سنی-اتحاد-کو-تقویت-بخشنے-کا-بہترین-موقعہ-عبد-الحسین-کشمیری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org