QR CodeQR Code

امریکا نے پاکستان میں دہشتگردی کا نیٹ ورک پھیلا رکھا ہے

امریکہ افغانستان سے افواج نکال کر بلوچستان میں بٹھانا چاہتا ہے، حافظ سعید

26 Oct 2013 17:44

اسلام تائمز: میڈیا سے گفتگو میں جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان سے نکلنے سے قبل بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے لیکن اس کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان سے نکلنے سے قبل بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے لیکن اس کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بھارت کے اکسانے پر امریکا پاکستان پرجماعۃالدعوۃ پر پابندیوں کیلیے دبائو بڑھا رہا ہے۔ بھارت و امریکا نے پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کا نیٹ ورک پھیلا رکھا ہے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کو تربیت دے کر پاکستان میں داخل کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر کے مختلف شہروں میں ہونے والے بم دھماکوں اور خودکش حملوں میں براہ راست انڈیا ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کا امریکا جا کر ڈرون حملوں کا مسئلہ اٹھانا اچھی بات ہے لیکن امریکا ڈرون حملوں اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے کوئی بات سننے کو تیار نہیں۔ امریکا و بھارت بلوچستان کو الگ کرنا چاہتے تھے تاکہ افغانستان سے فوج نکال کر بلوچستان میں لا کر بٹھا دی جائے پھر جب اور جہاں چاہیں اسے استعمال کرسکیں۔ جماعۃالدعوۃ نے ان سازشوں کے توڑ کے لیے بلوچستان میں کروڑوں روپے مالیت کے ریلیف کے منصوبے شروع کیے۔

جمعے کو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف شعور کی آگاہی کے نتیجے میں سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی سمیت پوری دنیا میں ڈرون کا مسئلہ اجاگر ہوا۔ ان کا جرم ڈرون حملوں پر آواز بلند کرنا اور تخریبی عناصر کو بےنقاب کرنا ہے۔ حکمرانوں نے اپنی کمزریوں کے باعث مسئلہ کشمیر کو بھی دہشت گردی کے نام پر پس پشت ڈال دیا۔ حافظ سعید نے کہا کہ امریکا صرف اپنے مفاد کی سیاست کرتا ہے۔ اس نے 11/9 کے بعد پاکستان کی قربانیوں کو یاد نہیں رکھا۔ پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے باعث ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی امریکا سرپرستی میں بھارت افغانستان کے راستے کر رہا ہے۔ بھارت کی بلوچستان میں پاکستان مخالف تحریکیں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ بلوچستان میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم تا ابد لہراتا رہے گا۔ حافظ سعید نے کہا کہ بھارت اور امریکا سازش کے تحت ہماری تنظیم فلاح انسانیت کی جانب سے بلوچستان میں زلزلہ متاثرین کے لئے جاری امدادی کارروائیوں کو رکوانا چاہتے ہیں اور اسی لئے دونوں ممالک نے ہماری تنظیم کے لئے فنڈز کی ترسیلات کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور امریکا نے لشکر طیبہ، جماعۃ الدعوہ اور حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر تنظیموں کو دستیاب مالی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے، امریکا نے حافظ سعید کے سر کی قیمت ایک کروڑ ڈالر مقرر کی ہوئی ہے۔ جب کہ بھارت 2008ء میں ممبئی حملوں کا ذمہ دار بھی حافظ سعید کو ٹھہرا چکا ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے دیگر جہادی جماعتوں بلخصوص دیوبندی اور سلفی اداروں کی بجائے بریلوی مسلک سے متعلق غریب نواز ٹرسٹ کو آگے لانے کی کوششیں کی گی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 314476

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/314476/امریکہ-افغانستان-سے-افواج-نکال-کر-بلوچستان-میں-بٹھانا-چاہتا-ہے-حافظ-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org