0
Sunday 27 Oct 2013 20:59

لاہور میں محرم الحرام کے دوران 15 ہزار اہلکار ڈیوٹی دیں گے،سی سی پی او

لاہور میں محرم الحرام کے دوران 15 ہزار اہلکار ڈیوٹی دیں گے،سی سی پی او
اسلام ٹائمز۔ سی سی پی او لاہور چودھری شفیق احمد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں اور اعزاداروں کو ہرممکن سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے لاہور پولیس اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دے رہی ہے جس کے تحت 15 ہزار کے قریب پولیس افسر اور اہلکار محرم الحرام میں سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، ملک دشمنوں اور سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے فرقہ واردانہ ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے جس کے لیے علماء اور مشائخ کا کردار بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے اور حب الوطنی کا یہ تقاضہ ہے کہ ہم سب مل کر وطن عزیز کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دہشت گردوں کی ہر کاروائی کو ناکام بنا دیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں الحاج حیدر علی مرزا، علامہ مشتاق حسین جعفری، پیر عثمان نوری، جاوید اکبرساقی، پیر فیصل گیلانی، مفتی مسعود الرحمان، مولانا بشیر احمد نظامی، آغا شاہ حسین ،کاظم عباس، آغا عباس، خواجہ بشارت حسین کربلائی، سید علی مہدی شاہ، حافظ کاظم رضا نقوی،حافظ علامہ اسد عبید، حافظ شاہ حسین، محمد علی بخاری،صاحبزاد سید الرحمان، مولانا مجیب الرحمان انقلابی، شیخ اکمل، مولانا شکیل الرحمان ناصر،سید محمد علی شمسی ، مولانا بشیر سلفی، ڈاکٹر منوہر چاند، بھگٹ لال، سردار بشن سنگھ، سردار امریک سنگھ کے علاوہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن،آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور تمام ایس پیزنے شرکت کی۔

سی سی پی او نے کہا کہ مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی اشاعت اور لیٹریچر تقسیم کرنے والوں کیخلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ دوران محرم علماء اور ذاکرین کو اشتعال انگیز اور مذہبی منافرت پھیلانے والی تقاریر سے گریز کرنا چاہیے ، لاؤڈ سپیکر کے ناجائز استعمال کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ چودھری شفیق احمدنے اجلاس کے دوران تمام ایس پیز کو ہدایت کرتے ہوے کیا کہ وہ اپنے اپنے ڈویژن میں مجالس اور جلوسوں کا سیکورٹی پلان ترتیب دیتے وقت علماء، معززین علاقہ اور امن کمیٹی کے ممبران کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے پلان تشکیل دیں اور ان کے ساتھ اپنے مسلسل رابطے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ ہم بطور قوم متحد ہو کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں ۔اُنہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں اور مجالس کے منتظمین پولیس کی مدد کے لیے جو رضا کار فراہم کریں ان کے نام قبل از وقت اپنے متعلقہ ایس پیز کو بھجوا دیں تا کہ ان کیلئے خصوصی سیکورٹی ڈیوٹی کارڈز کابروقت اجراء یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی قومی ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے" ہمیں اپنا مسلک چھوڑونہ اور کسی کا مسلک چھیڑو نہ" پر عمل کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 314777
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش