QR CodeQR Code

کوئٹہ، اے این پی رہنماء کی بازیابی کیلئے قبائلی جرگہ 5 نومبر کو طلب

28 Oct 2013 16:14

اسلام ٹائمز: اے این پی کے رہنماء عبدالظاہر کاسی کے بیٹے کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پانچ نومبر کو منعقدہ قبائلی جرگہ میں‌ صوبے کی تمام اقوام کے معتبرین کو بلایا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نواب ارباب ظاہر کاسی کے بیٹے نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کے اغواء کو پانچ روز گزر گئے لیکن ان کی بازیابی کے لئے حکومت کی جانب سے کوئی موثر اقدامات نہیں کئے گئے۔ حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نواب ارباب عبدالظاہر کاسی کے بڑے بیٹے ارباب عمر فاروق نے کوئٹہ کے تمام قبائلی عمائدین کا جرگہ پانچ نومبر کو طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں اے این پی کے کارکنوں کو شہید کیا گیا مگر بلوچستان میں اے این پی کے لیڈر کو اغواء کیا گیا، یہ واقعہ تاوان کا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاسی قبیلہ بلوچستان میں عدم تشدد کے فلسفے پر گامزن ہے۔ ارباب ظاہر کاسی سیاسی اور سماجی اعتبار سے صوبے کے عوام کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ عمر فاروق نے مزید کہا کہ حکومتی خاموشی کے خلاف ارباب ظاہر کاسی کی بازیابی کیلئے بلوچستان کی سطح پر پانچ نومبر کو قبائلی جرگہ طلب کیا گیا ہے۔ جس میں صوبے کی تمام اقوام کے نمائندے شامل ہوں گے، تاہم سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو اس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 315027

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/315027/کوئٹہ-اے-این-پی-رہنماء-کی-بازیابی-کیلئے-قبائلی-جرگہ-5-نومبر-کو-طلب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org