0
Monday 28 Oct 2013 19:08

امام حسین (ع) کسی فرقے کے نہیں پوری انسانیت کے امام ہیں، افکار حسینہ فاؤنڈیشن

امام حسین (ع) کسی فرقے کے نہیں پوری انسانیت کے امام ہیں، افکار حسینہ فاؤنڈیشن
اسلام ٹائمز۔ افکار حسینیہ (رجسٹرڈ) فا ونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام الحمراء ہال میں ساتویں سالانہ بین المذاہب امن کانفرنس بعنوان ’’ حسین سب کا‘‘ منعقد ہوئی جس کی صدارت علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کی جبکہ مولانا عبد الخبیر آذاد، سید ہارون گیلانی، علامہ سید عبد الوحید، اکرم مسیح گل رکن پنجاب اسمبلی، پنڈت بھگت لال کھوکھر، حافظ کاظم رضا نقوی، مقصود الحسن بخاری، تاثیر رضا، جعفر عباس، منور عباس علوی، علامہ مشتاق جعفری سمیت ملک کے دیگر نامور علما و ذاکرین اور مختلف شیعہ سنی عما ئدین و رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مقررین کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین(ع) ایک گروہ یا فرقہ کے نہیں بلکہ وہ پوری انسانیت کے امام ہیں اور نبی کریم (ص) نے حسین (ع)مجھ سے ہے اور میں حسین(ع) سے ہوں کہہ کہ حضرت امام حسین(ع) کی شانِ عظمت میں اور اضافہ کر دیا۔

مقررین نے کہا کہ وہ حضرت امام حسین(ع) ہی ہیں کہ جن کے نانا رسول(ص) جن کے با با حضرت علی(ع) ماں حضرت بی بی فاطمہ سلام اللہ علہیا اور بھائی حضرت امام حسن(ع) ہیں ،آپ کی حیات ہماری لیے مشعل راہ جبکہ آپکی قربانی کی رہتی دنیا تک دوسری کوئی مثال نہیں، آپ نے مشکل سے مشکل گھڑی میں صبر اور حق و صداقت کے علم کو بلند رکھنے سمیت ظالم کے سامنے سر جھکانے سے بہتر سر کٹانے کا درس دیا ہے۔میزبان علامہ آغا مظہر حسین مشہدی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے اور حسینی مشن کو جاری رکھنا ہماری زندگی کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسے رحمت العالمین اور سرکار دو جہان(ص) اپنے شانوں پر سوار کرا کے سیر کرائیں اور جو اپنے نانا کے دین کی حفاظت کی خاطر اپنے چھے ما ہ کے لخت جگر سمیت خاندان کے دیگر افراد کی قربانی کو پیش کرے ’’اسے حسین کہتے ہیں ‘‘۔ اس موقع پر امن کیلئے اعلی خدمات دینے والے مقررین میں شیلڈ اور حاضرین میں لنگر حسینی بھی تقسیم کیا گیا جبکہ شیعہ سنی بھائی بھائی کے نعرہ بھی بلند کیے۔
خبر کا کوڈ : 315132
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش