QR CodeQR Code

محرم الحرام میں بہتر کارکردگی دکھانے والے آفیسرز کو 1 لاکھ روپے انعام دیا جائیگا، مشتاق احمد سکھیرا

29 Oct 2013 18:57

اسلام ٹائمز:‌ آئی جی بلوچستان پولیس کا محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہنا تھا کہ اشتہاری اور مطلوب مجرموں کی گرفتاری کیلئے جاری مہم کو تیز کرتے ہوئے بغیر کسی دباؤ کے شرپسند عناصر کو گرفتار کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان مشتاق احمد سکھیرا کا کوئٹہ کے تمام سرکل افسران پر مشتمل امن و امان اور محرم الحرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم عوام کے خادم ہیں اور اسی خدمت کے جذبے کے تحت ہم نے یہ راستہ اختیار کیا ہے۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کوئٹہ عارف نواز خان، کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق جمعہ بھی موجود تھے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ امن پسند شہریوں سے خندہ پیشانی سے اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کے مطابق اپنی ذمہ داریاں محنت اور جانفشانی سے نبھائیں۔ اشتہاری اور مطلوب مجرموں کی گرفتاری کیلئے جاری مہم کو تیز کیا جائے۔ بغیر نمونہ نمبر پلیٹ، کالے شیشے والی گاڑیوں اور اسلحہ کی نمائش پر عائد پابندی پر عملدرآمد کرتے ہوئے بلاامتیاز کاروائی کی جائے۔ کسی دباؤ اور مصلحت سے آزاد ہو کر عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے دی گئی ذمہ داریوں کو ادا کریں۔ تھانوں کی سطح پر مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔ اس حوالے سے عوام کے تعاون کو بھی مدنظر رکھا جائے۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے بلوچستان پولیس کی فلاح و بہبود کے علاوہ آلات اور سہولیات کی فراہمی کے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ جس سے پولیس کی استعداد کار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کو نہیں بھولے، ان کے لواحقین کی فلاح و بہبود کے علاوہ ان کی ضروریات اور مشکلات کے حل کیلئے ایک ڈی ایس پی کی سطح کا آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔ جس سے شہداء کے لواحقین کو درپیش مشکلات سے انہیں باخبر رکھنا اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کیلئے تھانے میں تعاون کا ماحول رکھا جائے۔ فرض شناسی سے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ نا اہل اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے ایک ایس پی اور پانچ انسپکٹر اور سب انسپکٹر کی سطح کے اہلکاروں کو ان کی بہتر کارکردگی پر مجموعی طور پر پچاس ہزار نقد انعام دیئے جبکہ دیگر نمایاں کارکردگی کرنے والوں کیلئے ایک لاکھ روپے بھی مختص کئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 315410

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/315410/محرم-الحرام-میں-بہتر-کارکردگی-دکھانے-والے-آفیسرز-کو-1-لاکھ-روپے-انعام-دیا-جائیگا-مشتاق-احمد-سکھیرا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org