QR CodeQR Code

مجلس وحدت بلدیاتی الیکشن میں بھرپور سیاسی طاقت کیساتھ حصہ لے گی، علامہ اسدی

29 Oct 2013 17:56

اسلام ٹائمز:وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں عزاداری پر کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے، پنجاب حکومت کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ پنجاب کے کسی بھی حصے میں مجالس عزا و جلوس ہائے عزا کے پروگراموں میں انتظامیہ کی مداخلت کا ردِ عمل ملک بھر سے آئیگا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی سے پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عزاداروں اور ماتمی انجمنوں کے عمائدین نے صوبائی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں عمائدین نے نشتر پارک کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کی کامیاب ’’عظمت ولایت کانفرنس‘‘ پر مبارکباد دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ عظمت ولایت کانفرنس کی طرح 3 نومبر کو گلگت میں منعقدہ دفاعِ وطن کانفرنس بھی ملکی سالمیت اور دہشت گردوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں عزاداری پر کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے، پنجاب حکومت کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ پنجاب کے کسی بھی حصے میں مجالس عزا و جلوس ہائے عزا کے پروگراموں میں انتظامیہ کی مداخلت کا ردِ عمل ملک بھر سے آئیگا۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام ہمیں رواداری اور ایثار کا درس اور حق کیلئے جان قربان کرنے کا بھی طریقہ سکھاتا ہے، محرم الحرام میں فول پروف سیکورٹی پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے، ساتھ بانیان مجالس بھی اپنے علاقے کے رضا کاروں کو متحرک رکھیں۔ اُنہوں نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اپنی بھر پورسیاسی طاقت کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی حالات چاہے جو بھی ہوں انشااللہ ہم میدان میں حاضر رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 315487

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/315487/مجلس-وحدت-بلدیاتی-الیکشن-میں-بھرپور-سیاسی-طاقت-کیساتھ-حصہ-لے-گی-علامہ-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org