QR CodeQR Code

دہشتگردوں کے عزائم کو اتحاد اور اتفاق سے ناکام بنانا ہو گا، میجر جنرل اعجاز شاہد

محرم الحرام میں اشتعال انگیز تقرریوں اور ایکدوسرے کے جذبات مجروح کرنے سے گریز کیا جائے

30 Oct 2013 00:48

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اجلاس میں آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے موقع پر اتحاد بین المسلمین اور اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے، تاکہ شہر کے امن کے قیام کو ممکن بنایا جا سکے۔


اسلام ٹائمز۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، اعلٰی پولیس افسران، ارکان صوبائی اسمبلی، سول انتظامیہ کے اعلٰی افسران، معززین شہر اور تاجر نمائندوں کا ایک اجلاس آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد کی زیرصدارت ہیڈکوارٹر فرنٹیئر کور میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس مشتاق احمد سکھیرا، سی سی پی او عبدالرزاق چیمہ، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری زید بن مقصود، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر عبداللہ خان، ایم پی اے نصراللہ زیرے، ایم پی اے طاہر محمود، سید داؤد آغا، علامہ سید ہاشم موسوی، رکن صوبائی اسمبلی محمد رضا، وکیل ایڈووکیٹ طاہر حسین، مولانا عبدالواحد قاری عبدالرحمن، ڈاکٹر عطاءالرحمن مولوی، نقیب اللہ سردار اقبال خلجی، خدائے نور ناصر، عبدالرحیم کاکڑ اور ابراہیم کاسی نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء کو ڈی آئی جی پولیس احمد مبین اور کمانڈنٹ غزہ بند سکاؤٹس فرنٹیئر کور کرنل مقبول شاہ نے محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ جن پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے اس بات پر زور دیا کہ اتحاد بین المسلمین، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کے سلسلے میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیں اور تعصب کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کام کیا جائے۔ اس کے علاوہ اشتعال انگیز تقرریوں سے ایک دوسرے کے جذبات مجروح کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔ آئی پولیس مشتاق احمد سکھیرا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت اور گڑبڑ پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہا جائے اور ان کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ ایسے جرائم پیشہ عناصر اور شرپسندوں کو کیفر کردار ادا تک پہنچایا جائے۔ پولیس اور ایف سی اس سلسلے میں بلاخوف اور امتیاز کے کارروائی کرے گی۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق رائے پایا گیا کہ کوئٹہ شہر میں کوئی فرقہ واریت نہیں اور باہر سے آ کر کچھ شرپسند اور امن دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرنے کیلئے فرقہ واریت کے نام پر قتل و غارت گری کر رہے ہیں۔ جس کو روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

آئی جی ایف سی نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ کسی کو بھی اسلحہ اور ہتھیار رکھنے یا اس کی نمائش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام فرقوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک ایسی کمیٹی تشکیل دی جائے جو عاشورہ کے جلوس کا انتظام بہتر طریقے سے سنبھال سکے اور اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مستقل بنیادوں پر کام کرے اور اس شہر کا روایتی امن اور بھائی چارہ بحال کرسکے۔ اجلاس میں آئی جی ایف سی نے شیعہ اور سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ مذہبی رواداری اور ایثار کے جذبے کو پروان چڑھائے تاکہ کوئٹہ کے امن کو مستقل بنیادوں پر قائم کیا جا سکے۔ اجلاس کے شرکاء نے ایف سی اور دیگر سکیورٹی اداروں کیساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔


خبر کا کوڈ: 315616

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/315616/دہشتگردوں-کے-عزائم-کو-اتحاد-اور-اتفاق-سے-ناکام-بنانا-ہو-گا-میجر-جنرل-اعجاز-شاہد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org