QR CodeQR Code

پاکستان کو ایماندار، غیرت مند اور نیک حکمرانوں کی ضرورت ہے، طارق محبوب

30 Oct 2013 12:14

اسلام ٹائمز: صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع پر ہر سال ہونے والی تعطیل کو رکوانے کے پیچھے موجود ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کیلئے اولیائے کاملین، بزرگان دین اور صوفیائے کرام کی تعلیمات سے استفادہ کرنا ہوگا۔ حکومت اور کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمة اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر عام تعطیل نہ کرنا اور سالہا سال سے ہونے والی مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کرکے پھر منسوخ کرنا قابل مذمت ہے، جو عوام کے مذہبی اور روحانی جذبات مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق محبوب نے گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع پر ہر سال ہونے والی تعطیل کو رکوانے کے پیچھے موجود ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے۔

طارق محبوب نے کہا کہ پاکستان عالمی سازشوں کے شکنجے میں ہے، کراچی اور بلوچستان غیر ملکی قوتوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اعلانات، دعوﺅں اور وعدوں پر چلائی جا رہی ہیں۔ نواز حکومت ایک مرتبہ پھر کشکول لے کر دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی کروا رہی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ ملک کو ایماندار، غیرت مند اور نیک حکمرانوں کی ضرورت ہے جو ملک کو اسلامی اور آفاقی اصولوں کے مطابق چلا سکیں۔ طارق محبوب نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں نورا کشتی اور مک مکا چل رہا ہے، ملک کے اداروں کو تباہ کیا جا رہاہے اور ملک میں انصاف، قانون اور امن نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 315705

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/315705/پاکستان-کو-ایماندار-غیرت-مند-اور-نیک-حکمرانوں-کی-ضرورت-ہے-طارق-محبوب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org