0
Thursday 31 Oct 2013 07:15

عید مباہلہ کے موقع پر علامہ ساجد نقوی کا پیغام

عید مباہلہ کے موقع پر علامہ ساجد نقوی کا پیغام
اسلام ٹائمز۔ عید مباہلہ 1435ھ 2013ء کے موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید مباہلہ خاصان خدا کی طرف سے دین خدا کی صداقت و حقانیت کو ثابت کرنے کے لئے میدان عمل میں آنے کا دن ہے, جس کی وجہ سے دین حق سے انکار کرنے والوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ جس دین کامل کو خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین دین قرار دیا گیا ہو اور جس کی ترویج و اشاعت کے لئے رحمت اللعالمین جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کئے ہوں اور پھر جس دین کی سچائی کو دنیائے عالم پر واضح کرنے کے لئے رسول خدا اپنے اہل بیت اطہار ؑ کے ہمراہ مباہلے کے لئے نکل پڑے ہوں, یہ امر عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ جلد یا بدیر بالاخر دنیائے عالم کو دین حق کی جانب ہی رخ کرنا پڑے گا, کیونکہ دین اسلام ہی بالآخر انسان کی دنیوی و اخروی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔

روز مباہلہ پیغمبر گرامی نے اپنے حقیقی جانشینوں کا تعارف کراکے یہ بات رہتی دنیا تک کے لئے واضح کردی کہ اگر سسکتی اور بھٹکتی ہوئی انسانیت کے لئے اگر کوئی نمونہ عمل ہے تو وہ خانواوہ رسالت کے علاوہ کوئی اور نہیں، کیونکہ خانوادہ عصمت و طہارت نے اپنے عمل و کردار کے ذریعے دنیائے عالم کی رشد و ہدایت کا سامان فراہم کیا اور معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور بدی کی قوتوں کے خلاف اعلان جہاد بلند کرکے بلاتفریق مذہب و مسلک رنگ و نسل، انسانیت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا۔ عید مباہلہ کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ دین حق کی سربلندی اور ترویج کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے اور راہ حق پر عمل پیرا ہوکر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو بہتر بنانے کی سعی و کوشش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 316065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش