QR CodeQR Code

ڈرون حملے مذمت سے نہیں مزاحمت سے بند ہونگے

حکومت پاک ایران گیس منصوبے سے پیچھے نہ ہٹے، صاحبزادہ حامد رضا

31 Oct 2013 20:27

اسلام ٹائمز: چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں کی اجازت دینے والے ماضی اور حال کے حکمرانوں کا محاسبہ ہونا چاہیے، حکمرانوں نے قوم کو دہشتگردوں سے مذاکرات کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ڈرون حملے مذمت سے نہیں مزاحمت سے بند ہوں گے، پاک ایران گیس منصوبہ ختم کرنا بدقسمتی ہوگی، حکومت پاک ایران گیس منصوبے سے پیچھے نہ ہٹے، بلدیاتی حلقہ بندیاں مذاق بن گئی ہیں، نئے آبی ذخائر کی تعمیر میں تاخیر قومی جرم ہے، نئی حکومت نے 100 دنوں میں غیرملکی قرضے میں 169 فیصد اضافہ کر دیا ہے، حکومت عالمی منڈی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرے، چیف جسٹس نے کراچی کے اصل مرض کی نشاندہی کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مفتی محمد یونس رضوی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ علماء و مشائخ محرم میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے مثالی اتحاد سے فرقہ وارانہ کشیدگی کی سازش ناکام بنا دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان بہترین علاقائی مفاد میں باہمی تعاون پر یکسو ہو جائیں، حکومت ڈرون حملوں میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد کم پیش کرکے امریکہ سے وفاداری دکھا رہی ہے۔ ڈرون حملوں کی اجازت دینے والے ماضی اور حال کے حکمرانوں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ حکمرانوں نے قوم کو دہشت گردوں سے مذاکرات کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے۔ ججوں نے کراچی میں اسلحہ کی نشاندہی کرکے کرپٹ سسٹم بے نقاب کر دیا ہے۔ کراچی پر قبضے کی جنگ ختم ہونی چاہیے۔ حکمران قوت فیصلہ سے محروم ہیں۔ بھوکا شیر پاکستانی قوم کا خون پی رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 316303

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/316303/حکومت-پاک-ایران-گیس-منصوبے-سے-پیچھے-نہ-ہٹے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org