0
Friday 1 Nov 2013 00:27

سندھ میں سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہیں، ڈاکٹر خالد سومرو

سندھ میں سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہیں، ڈاکٹر خالد سومرو
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل اور سابق سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت اپنی مرضی کی بلدیاتی حلقہ بندیاں کر رہی ہے، اپوزیشن کی تمام جماعتوں کی تجاویز کو نظر انداز کرکے اس طرح کی حلقہ بندیاں کرنا حکومت کے منہ پر بدنما داغ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات محمد اسلم غوری اور دیگر جماعتی رہنماﺅں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات جس طے شدہ فارمولے کے تحت تھے، لگتا ہے کہ موجودہ بلدیاتی انتخابات بھی اسی فارمولے پر عمل کرتے ہوئے کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر بنائی جاتی ہیں لیکن حکمران اپنی پارٹی کے مفادات کو مدنظر رکھ کر یہ حلقہ بندیاں بنا رہے ہیں۔
 
ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت جو اپنے آپ کو جمہوری حکومت کہلاتی ہے، سندھ میں آمرانہ حکومتوں کے اقدامات کو بھی پس پشت ڈال رہی ہے اور ان سے بڑھ کر آمرانہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں سندھ میں قائم کی جا رہی ہیں۔ خالد محمود سومرو کا مزید کہنا تھا کہ اس سیاسی خوف و ہراس میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد انتخابات کے صاف اور شفاف ہونے پر سوالیہ نشان ہے ،ان حالات میں فرمائیشی بنیادوں پر ہونے والی حلقہ بندیاں انتخابات کو ہائی جیک کرنے کی سازش نہیں تو اور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا قومی انتخابات میں کردار قوم کے سامنے آچکا ہے اور اگر بلدیاتی انتخابات بھی اسی ڈگر پر کرائے گئے تو پھر اس نام نہاد جمہوریت اور انتخابات پر عوام کا اعتماد اٹھ جائیگا، اسلئے اداروں کو اپنا وقار بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 316360
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش