QR CodeQR Code

انصارالحسین نے پاراچنار کے ذہین اور مستحق طلباء کیلئے ماہانہ وظیفہ جاری کر دیا

1 Nov 2013 18:52

اسلام ٹائمز: صدر انصارالحسین پاراچنار ماسٹر منصب علی نے کہا کہ کرم ایجنسی کے ذہین طلباء کیلئے حصول تعلیم میں معاشی بحران کو دور کرنے کیلئے انصار الحسین ایسے اقدامات کرتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ انصارالحسین کے زیراہتمام آج یکم نومبر 2013ء کو مرکزی دفتر انصار الحسین پاکستان پاراچنار میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انصار الحسین پاراچنار ریجن کے صدر منصب علی، مرکزی کابینہ، شعبہ تعلیم و تربیت انصارالحسین کے انچارج لیکچرار واحد حسین، طلباء اور طلباء کے سرپرستوں سمیت دیگر سینئر اراکین نے شرکت کی۔
انصارالحسین پاراچنار کے زیر اہتمام پاراچنار کے غریب، مستحق اور قابل طلباء کیلئے تعلیمی وظیفے کا اجراء کیا گیا، جس میں کرم ایجنسی اور اضلاع پائین کے مختلف کالجوں اور یونیورسیٹیوں کے طلباء نے شرکت کی۔
 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انصار الحسین کے صدر منصب علی نے عصری تقاضوں کے مطابق تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کے چیلنجوں کا مقابلہ جدید علوم کے ذریعے سے ہی ممکن بنایا جاسکتا ہے اور جہالت کا خاتمہ صرف اور صرف اعلٰی تعلیم وتربیت کے ذریعے سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ چنانچہ ہمیں علم جیسے قیمتی زیور سے خود کو آراستہ و پیراستہ کرنا چاہیے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ کرم ایجنسی کے ذہین طلباء کیلئے حصول تعلیم میں معاشی روکاوٹ کو ختم کرنے کیلئے انصار الحسین مستقبل میں مزید ایسے اقدامات کرتے رہیں گے۔ پروگرام کے آخر میں انصارالحسین کے سینئر اراکین کے ہاتھوں طلباء میں ماہ اکتوبر کے نقد وظیفے تقسیم کئے گئے۔ جبکہ جو طلباء موقع پر موجود نہیں تھے، ان کے ورثاء کو دئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 316583

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/316583/انصارالحسین-نے-پاراچنار-کے-ذہین-اور-مستحق-طلباء-کیلئے-ماہانہ-وظیفہ-جاری-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org