0
Friday 1 Nov 2013 21:47

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ حکیم اللہ محسود ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا، رائٹرز کا دعویٰ

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ حکیم اللہ محسود ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا، رائٹرز کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ حکیم اللہ محسود ڈرون حملے میں ہلاک ہو گیا، برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کے روز ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں تحریک طالبان کا سربراہ ہلاک ہو گیا ہے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حکیم اللہ محسود شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا۔ دوسری جانب طالبان کی جانب سے ابھی تک اس واقعہ کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ مقامی ذرائع کے مطابق، اس ڈرون حملے میں اہم کمانڈر سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم ابھی تک سرکاری طور پر اور طالبان کی جانب سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ذرائع کے مطابق ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کے دو محافظ طارق محسود اور عبداللہ ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کے قریب ڈانڈے درپا خیل کے علاقے میں ایک گاڑی اور مکان کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق جس مکان کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کا مکان تھا۔

دیگر ذرائع کے مطابق، برطانوی خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ جمعہ کی شام کو شمالی وزیر ستان میں ہونے والے ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود مارا گیا ہے، واضح رہے کہ اس امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، شام ساڑھے چھ بجے کے قریب میرانشاہ کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں دو جاسوس طیاروں نے ایک گھر پر چار میزائل داغے جس سے گھر اور ایک گاڑی تباہ ہوگئی۔ حملے میں 4 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے جو بعد میں دم توڑ گئے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حملے میں تباہ ہونے والا گھر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا مرکز تھا، جبکہ تباہ ہونیوالی گاڑی حکیم اللہ محسود کے زیر استعمال تھی۔ حکیم اللہ محسود کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکز آتا رہتا تھا۔ تاہم حملے کے وقت حکیم اللہ محسود کے گاڑی میں موجود ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو کمانڈر طارق محسود اور عبداللہ مارے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حملے کے وقت مرکز میں کالعدم تحریک طالبان کی شوریِ کا اجلاس جاری تھا۔
خبر کا کوڈ : 316626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش