QR CodeQR Code

علماء بتائیں کہ ٹیری جونز اور طالبان کے دھماکوں میں قرآن جلانے میں کیا فرق ہے، صوفی محمد حسین

1 Nov 2013 23:00

اسلام ٹائمز: شہدائے ناموس رسالت (ص) کانفرنس سے خطاب میں جماعت اہلسنت کراچی کے ناظم اعلیٰ نے کہا کہ استعماری قوتوں کے سرمائے پر این جی اوز تحفظ ناموس رسالت (ص) قانون کے خاتمے کیلئے گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ صوفی محمد حسین لاکھانی نے کہا کہ عشق مصطفی (ص) مومن کا سرمایہ حیات ہے۔ مسلمان سب کچھ برادشت کر سکتا ہے لیکن نبی کریم (ص) کی شانِ اقدس میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کر سکتا۔ توہین رسالت (ص) کا ارتکاب کرنے والے کو معافی نہیں، ایسے لوگوں کو قانون ناموس رسالت 295-C کے تحت سزائے موت دے کر نشان عبرت بنا دیا جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص ایسی گھناﺅنی حرکت نہ کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید غازی علم الدین اور شہید پیر سمیع اللہ چشتی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جامع مسجد صابری رنچھوڑ لائن میں شہدائے ناموس رسالت کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ محمد حسین لاکھانی نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے علمائے اسلام کا متفقہ فتوی ہے کہ گستاخ رسول (ص) کی سزا موت ہے، اس پر عمل کرانا مسلم حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک میں توہین رسالت کے مرتکب کو سزائے موت دی جاتی تو آج کسی شاتم رسول کو شان رسالت میں گستاخی کرنے کی، کسی کو توہین آمیز فلم بنانے کی اور کسی کارٹونسٹ کو توہین رسالت پر مبنی خاکے بنانے کی ہرگز جرات نہ ہوتی۔
 
صوفی محمد حسین لاکھانی نے علمائے دین سے سوال کیا کہ بتایا جائے کہ ٹیری جونز کے قرآن جلانے اور طالبان کے مساجد و مدارس اور مزارات پر خود کش دھماکوں کے نتیجے میں قرآن جلانے میں کیا فرق ہے؟ انہوں نے کہا کہ شمع رسالت کے پروانے شانِ رسالت میں گستاخی کے مذموم عمل کو ہرگز برداشت نہیں کرینگے۔ جماعت اہلسنت کراچی کے ناظم اعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان کی بنیاد اسلام پر قائم ہے، ہمارے صدر اور وزیراعظم کو یاد رکھنا چاہیے وہ ایک مسلمان ملک کے سربراہ ہیں ان کا منصب و اقتدار مسلم ملک کا ہے۔ محمد حسین لاکھانی کا کہنا تھا کہ بعض مغربی استعماری قوتوں کے سرمائے پر پاکستان میں این جی اوز تحفظ ناموس رسالت قانون کو ختم کرنے اور غیر موثر کرنے کیلئے گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہیں مگر قانون تحفظ ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 316653

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/316653/علماء-بتائیں-کہ-ٹیری-جونز-اور-طالبان-کے-دھماکوں-میں-قرآن-جلانے-کیا-فرق-ہے-صوفی-محمد-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org