QR CodeQR Code

سنی اتحاد کونسل نے ملک گیر اینٹی ڈرون ڈے منایا

1 Nov 2013 23:03

اسلام ٹائمز:لاہور میں اچھرہ میں مفتی محمد کریم خان، علامہ مشتاق احمد نوری، شادباغ میں مفتی محمد حسیب قادری، گلبرگ میں مولانا قاری مختار احمد صدیقی، ٹاؤن شپ میں حاجی رانا شرافت علی قادری اور سمن آباد میں راؤ حسیب احمد کی قیادت میں ڈرون مخالف مظاہرے کیے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر ’’اینٹی ڈرون ڈے‘‘ منایا گیا اور علمائے اہلسنّت نے ڈرون حملوں کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں اور ملک بھر میں نمازِ جمعہ کے لاکھوں نمازیوں نے ہاتھ کھڑے کر کے امریکہ سے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ اینٹی ڈرون ڈے کے موقع پر لاہور، کراچی، فیصل آباد، سمندری، کوئٹہ، ملتان اور خانیوال سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ جمعہ کے بعد مساجد کے باہر پرامن علامتی مظاہرے بھی کیے گئے اور سنی اتحاد کونسل نے مساجد کے باہر کیمپ لگا کر ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی یادداشت پر لوگوں سے دستخط بھی کروائے۔

لاہور میں اچھرہ میں مفتی محمد کریم خان، علامہ مشتاق احمد نوری، شادباغ میں مفتی محمد حسیب قادری، گلبرگ میں مولانا قاری مختار احمد صدیقی، ٹاؤن شپ میں حاجی رانا شرافت علی قادری اور سمن آباد میں راؤ حسیب احمد کی قیادت میں ڈرون مخالف مظاہرے کیے گئے۔ اس سلسلہ میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حمایت سے اقتدار میں آنے والے ڈرون حملے بند نہیں کروا سکتے۔ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ حکومت ڈرون حملوں کے معاملے پر عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کرے۔ قوم ڈرون اور خودکش حملے کرنے والوں سے یکساں نفرت کرتی ہے۔ حکمران ڈرون حملوں پر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ حکومت کو دوغلی پالیسی ختم کرنا ہو گی۔ سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی حنیف طیّب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ہمارے حکمران ڈرون حملوں سے ہونے والی ہلاکتیں کم بتا کر امریکہ کو خوش کر رہے ہیں۔ ڈرون حملے بند نہ ہونے تک نیٹو سپلائی بند کر دی جائے۔


خبر کا کوڈ: 316654

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/316654/سنی-اتحاد-کونسل-نے-ملک-گیر-اینٹی-ڈرون-ڈے-منایا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org