QR CodeQR Code

بلوچستان، مچھ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 شیعہ ہزارہ شہید

1 Nov 2013 23:25

اسلام ٹائمز: واقعے کے بعد شیعہ جوانوں‌ نے شُہداء کے جسد خاکی کیساتھ مچھ نیشنل ہائی وے پر پانچ گھنٹے تک دھرنا دیا اور بعد ازاں لشکرجھنگوی کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے پر دھرنا ختم کردیا۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے علاقے مچھ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے چھ محنت کشوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی ہے۔ لیویز انتظامیہ کے مطابق مچھ کے علاقے گیشتری کے قریب پنڈر گڈ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے چھ افراد علی نگار، ضامن علی، آصف علی، عقیل، بولان مستری، ابراہیم کو قتل جبکہ فائرنگ کی زد میں آنے والے جمعہ خان کو زخمی کر دیا۔ لیویز کے مطابق شُہداء شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ مچھ کے قریب کوئلہ کان میں کام کرنے والے کانکن تھے۔ وہ سودا سلف لینے مچھ بازار آئے تھے۔ خریداری کرکے واپس جا رہے تھے کہ انہیں گیشتری سے کچھ فاصلے پر پنڈر گڈ کے مقام پر نشانہ بنایا گیا۔ شہیدوں کی نعشیں مچھ ہسپتال پہنچا دی گئیں۔ واقعہ کے بعد انتظامیہ نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔

واقعے کے بعد شیعہ جوانوں نے مچھ نیشنل ہائی وے پر شُہداء کے جسد خاکی کیساتھ پانچ گھنٹوں تک دھرنا دیا اور علاقہ مکینوں کی نشاندہی پر لشکرجھنگوی کے کارندوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد دھرنا ختم کر دیا۔ ادھر وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم و بےگناہ انسانوں کو قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دریں اثناء واقعہ کی ذمہ داری کالعدم جیش الاسلام نے قبول کرتے ہوئے اسے مستونگ میں جاری آپریشن کا ردعمل قرار دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 316664

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/316664/بلوچستان-مچھ-میں-دہشتگردوں-کی-فائرنگ-سے-6-شیعہ-ہزارہ-شہید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org