QR CodeQR Code

امریکی ڈرون طیارے مار گرائے جائیں، انجینئر نوید قمر

1 Nov 2013 23:42

اسلام ٹائمز: کراچی پریس کلب پر مظاہرے سے خطاب میں امیر جماعة الدعوة کراچی نے کہا کہ امریکا، بھارت اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں تخریب کاری و دہشت گردی کا وسیع نیٹ ورک قائم کرکے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی ڈرون حملوں کے خلاف جماعة الدعوة کی جانب سے جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی میں سب سے بڑا مظاہرہ کراچی پریس کلب پر امیر جماعة الدعوة کراچی انجینئر نوید قمرکی قیادت میں کیا گیا۔ انجینئر نوید قمر نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر حملہ ہیں، امریکی ڈرونز مار گرائے جائیں۔ نواز شریف جراتمندانہ فیصلہ کریں، پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہوگی۔ مظاہرے میں تمام تر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اردو اور انگلش میں ”ڈرون حملے بند کرو، امریکی ڈرونز نے ہمارے ہزاروں بچے یتیم کر دیئے ہیں، پاکستانی حدود میں قاتل ڈرون طیارے مار گرائے جائیں، ہم ہر امریکی دہشت گردی کے خلاف بلند کرتے رہیں گے“ جیسی تحریریں درج تھیں۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعة الدعوة کراچی انجینئر نوید قمر، جماعة الدعوة کے صوبائی رہنماء مولانا یحییٰ بھٹی، عبداللہ فرقان اور جید عالم دین مفتی محمد یوسف کشمیری و دیگر نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرہ کے دوران امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔
 
انجینئر نوید قمر نے کہا کہ امریکا ڈرون حملوں کے نام پر انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے، عالمی قوانین انہیں ایسی قتل و غارتگری کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کے ساتھ ڈرون حملوں کے بارے احتجاج میں دنیا بھر سے اٹھنے والی حمایتی آوازیں بھی شامل ہوگئی ہیں۔ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کیلئے خطرہ اور دہشت گردی میں اضافے کا سبب ہیں۔ انجینئر نوید قمر نے مزید کہا کہ حملوں میں بے گناہ افراد کے جاں بحق ہونے کی وجہ سے دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکا نے ڈرون حملوں کے ذریعہ پاکستان پر جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ امیر جماعة الدعوة کراچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب اپنے احتجاج کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ڈرون حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کا جرات مندانہ قدم اٹھانا چاہیے۔ ڈرون حملوں کی صورت میں بے گناہوں کے قتل میں اگر پاکستان کے اندر سے بھی کوئی ملوث ہے تو وطن عزیز سے ایسی غداری کرنے والوں کا جلد محاسبہ کرکے انہیں کڑی سزا ملنی چاہیے۔ 

احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں انجینئر نوید قمر نے کہا کہ جماعة الدعوة کی جانب سے ڈرون حملوں اور امریکی سازشوں کے خلاف آواز بلند کرنے پر امریکی بوکھلاہٹ واضح ہو چکی ہے اور اس کا عملی ثبوت بار بار امریکا کی جانب سے پاکستان پر جماعة الدعوة پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مسئلے کو نہیں چھوڑیں گے، ملک بھر میں ڈرون حملوں کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔ انجینئر نوید قمر نے مزید کہا کہ ڈرون حملوں کا معاملہ انتہاء کو پہنچ چکا ہے۔ اب فیصلے کرنے کا وقت ہے، نواز شریف جراتمندانہ فیصلہ کریں، پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہوگی۔ انہوں نے کہا ک ڈرون طیاروں کا پیچھا کرکے انہیں تباہ کیا جائے اور مزید حملوں کے لئے پاکستانی سرزمین پر آنے سے روکا جائے، امریکی دماغ ٹھکانے کا یہی طریقہ ہے۔ امیر جماعة الدعوة کراچی کا کہنا تھا کہ امریکا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اب وہ نائن الیون سے پہلے والا سپر پاور امریکا نہیں رہا بلکہ اب افغانسان میں موجودہ امریکا کا بھرکس نکل چکا ہے اور شٹ ڈاﺅن سے امریکی دیوالیہ ہو چکا ہے۔ انجینئر نوید قمر نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں تخریب کاری و دہشت گردی کا وسیع نیٹ ورک قائم کرکے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 316668

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/316668/امریکی-ڈرون-طیارے-مار-گرائے-جائیں-انجینئر-نوید-قمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org