QR CodeQR Code

امریکہ پاکستان میں امن نہیں چاہتا، ڈرون حملہ مذاکرات سبوتاژ کرنیکی سازش ہے، عمران خان

2 Nov 2013 09:13

اسلام ٹائمز: طالبان لیڈر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ صاف ظاہر ہوگیا ہے کہ کون طالبان سے مذاکرات کیخلاف ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ڈرون حملے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات خراب ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون حملہ طالبان سے مذاکرات سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، ثابت ہوگیا ہے کہ مذاکرات کا مخالف کون ہے۔ طالبان لیڈر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت نے باضابطہ آگاہ کیا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے وفد جا رہا ہے، امریکی حملہ مذاکرات سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، صاف ظاہر ہوگیا ہے کہ کون طالبان سے مذاکرات کیخلاف ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ڈرون حملے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات خراب ہوں گے، طالبان نے خیبر پختونخوا میں دھماکوں کی تردید کی تھی، آج یہ بھی ثابت ہوگیا ہے کہ دھماکے کرانے والا کون تھا، ہم اسمبلی میں ڈرون حملوں کیخلاف قرار داد لے کر آئیں گے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تحریک طالبان کے امیر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں امن نہیں چاہتے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی صاحبزادی کی شادی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے حالیہ ڈرون حملے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں حکمت عملی کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کے پی کے کو امن کی ضرورت ہے۔ طالبان قیادت پر ہونے والے حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جب بھی مذاکرات کی بات ہوتی ہے ڈرون حملوں کے ذریعے امن عمل کو سبوتاژ کر دیا جاتا ہے۔ کے پی کے اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی سے منظوری کے بعد اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، جس میں نیٹو سپلائی روکنے کے لیے قرارداد پیش کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 316718

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/316718/امریکہ-پاکستان-میں-امن-نہیں-چاہتا-ڈرون-حملہ-مذاکرات-سبوتاژ-کرنیکی-سازش-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org