0
Saturday 2 Nov 2013 20:51

امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی دفتر خارجہ طلبی، ڈرون حملوں پر پاکستان کا شدید احتجاج

امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی دفتر خارجہ طلبی، ڈرون حملوں پر پاکستان کا شدید احتجاج
اسلام ٹائمز۔ دفتر خارجہ نے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو طلب کرکے ڈرون حملے پر شدید احتجاج کیا ہے اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، ہفتہ کی شام کو امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور انہیں گذشتہ روز ہونے والے ڈرون حملے پر احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے احتجاجی مراسلہ امریکی سفیر کے حوالے کیا۔ امریکی سفیر پر واضح کیا گیا کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ جن سے پاک امریکہ تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس سے پہلے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اپنی پریس کانفرنس میں کہہ چکے ہیں کہ پاکستان ڈرون حملوں پر امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات اور تعاون پر نظرثانی کرنے جا رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس پر عمل کر پاتی ہے یا پھر فقط ٹائم پاس کرکے معاملات کو ٹھنڈا کرنا چاہتی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان نے ڈرون حملے کے نتیجے میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا اور امریکی حکومت کے لئے احتجاجی مراسلہ بھی ان کے حوالے کیا ہے۔ سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ان سے ڈرون حملوں پر شدید الفاظ میں احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حکومت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات کو جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے اور امریکہ کا شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ حکومت کے طالبان کے ساتھ مذاکرات پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا پاکستان نے ہمیشہ ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے اور یہ معاملہ امریکہ اور اقوام متحدہ کے سامنے بھی اٹھایا ہے کیونکہ یہ پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز امریکہ نے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود اپنے 4 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 316939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش