0
Sunday 3 Nov 2013 18:06

طالبان جان چکے ہیں امریکہ پاکستان میں امن نہیں چاہتا، حافظ سعید

طالبان جان چکے ہیں امریکہ پاکستان میں امن نہیں چاہتا، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔جامع مسجد القادسیہ لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ نے حکیم اللہ محسود پر نہیں بلکہ مذاکرات اور پاکستان کے امن پر ڈرون حملہ کیا ہے، وہ نہیں چاہتا کہ حکومت طالبان کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کرے اور پاکستان میں امن و امان قائم ہو، انڈیا و امریکہ پاکستان کو دہشت گردی، تخریب کاری و بم دھماکوں کی صورتحال سے ہی دو چار رکھنا چاہتے ہیں، ایسے حالات میں حکومت اور قوم کا ایک موقف ہونا چاہئے، ہم سب کو متحد ہو کر اپنا گھر بچانا ہے، دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے مضبوط اقدامات کرنے ہوں گے۔

امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعہ قبائلیوں کو خودکش حملوں کیلئے اکسا رہا ہے، تحریک طالبان کے رہنما بیرونی سازشوں کو سمجھیں اور ڈرون حملوں کے ردعمل میں امریکہ و بھارت کی سازشوں کو کامیاب نہ ہونے دیں، اے پی سی میں حکومت نے تحریک طالبان سے مذاکرات پر اتفاق کیا تھا جس پر پیش قدمی ہو چکی تھی اور حکومت کے ساتھ طالبان کے مذاکرات آگے کی طرف جارہے تھے لیکن جب بھی پاکستانی حکومت مذاکرات کیلئے اقدامات اٹھاتی ہے، امریکی ڈرون حملے شروع کر دیتے ہیں تاکہ یہ مذاکرات کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ حکیم اللہ محسود پر حملہ کے بعد تحریک طالبان بھی بہت حد تک سمجھ چکے ہیں کہ امریکہ پاکستان میں امن نہیں چاہتا، موجودہ ڈرون حملہ یہ حقیقت واضح کرنے کیلئے کافی ہے، طالبان کو اس مسئلہ پر سنجیدگی کے ساتھ سوچنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بھی نرم رویہ اختیار کرے اور سنجیدگی کے ساتھ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کئے جائیں، تحریک طالبان کو بھی چاہیے کہ وہ ڈرون حملوں کے ردعمل میں امریکا و انڈیا کی سازشوں کو کامیاب کرنے کی بجائے مذاکرات پر ہی آمادہ رہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ حکومت کے سامنے سب سے بڑا چیلنج امریکی پالیساں ہیں، اگر ڈرون حملے روک لئے جاتے ہیں تو کل کیلئے پاکستان پر منڈلانے والے خطرات کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں چاہتی ہیں کہ ڈرون حملوں کے نتیجہ میں خودکش حملے ہوں اور پھر وہ تخریب کاری و دہشت گردی کا وسیع نیٹ ورک قائم کر سکیں، ڈرون حملوں کے ذریعے امریکہ پاکستان سے اپنی شکست کا انتقام لینا چاہتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 317209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش