0
Sunday 3 Nov 2013 18:34
رسہ کشی جاری ہے

عصمت اللہ شاہین بیٹنی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عبوری امیر مقرر

عصمت اللہ شاہین بیٹنی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عبوری امیر مقرر
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے عصمت اللہ شاہین بیٹنی کو تنظیم کا عبوری امیر مقرر کر دیا ہے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا ہے کہ تنظیم کے نئے مستقل امیر کا انتخاب ابھی نہیں کیا گیا۔ تاہم عصمت اللہ شاہین بیٹنی کو عبوری امیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ عصمت اللہ کالعدم تحریک طالبان کی سپریم شوریٰ کا سربراہ ہے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق ترجمان نے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کا انتقام لینے اور مذاکراتی عمل کے بارے میں کچھ کہنے سے انکار کردیا۔

امریکی ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کے ہلاک ہونے کے بعد تحریک طالبان پاکستان کے نئے امیر کے لئے مختلف گروپوں میں کشمکش جاری ہے۔  ذرائع نے بتایا ہے کہ حکیم اللہ محسود کے وفاداروں نے شہریار محسود عرف شہباز کو شمالی وزیرستان میں اپنا امیر منتخب کر لیا ہے۔ دوسری طرف وزیرستان میں 22 محسود قبائل نے جنوبی وزیرستان میں خان محسود عرف سجنا کو امیر بنانے کی حمایت کی ہے۔ درحقیقت حکیم اللہ محسود اور خان محسود عرف سجنا کے درمیان شروع ہونے والی سرد مہری اور اختلاف رائے موجود چلا آرہا تھا اور حکیم اللہ محسود نے خان محسود کو نائب امیر تحریک طالبان مقرر کیا۔ 

ذرائع کیمطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان تنازع کی اصل وجہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا معاملہ تھا۔ خان محسود سجنا اپنے پیشرو کمانڈر ولی الرحمٰن محسود کی ہدایات کے تحت جبکہ حکیم اللہ محسود اپنے سابق بیت اللہ محسود کے بتائے ہوئے طریقے کے تحت مذاکرات کرنے کے خواہاں تھے۔ روایتی طور پر ٹی ٹی پی امیر محسود قبیلے کا ہوتا ہے خواہ اس کا تعلق جنوبی یا شمالی وزیرستان سے ہو، جیسا کہ بیت اللہ اور حکیم اللہ تھے۔ جہاں تک سجنا اور شہریار کا تعلق ہے، دونوں محسود ہیں اور وزیرستان سے تعلق رکھتے ہیں۔ تاہم خان محسود کو ٹی ٹی پی کا سینئر عہدیدار ہونے کی بنا پر امیر کے عہدے کے لئے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا۔ لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عصمت اللہ شاہین کو عبوری کمانڈر بنایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 317213
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش