0
Wednesday 21 Jul 2010 19:16

زاھدان کے دہشتگردانہ خودکش دھماکوں میں امریکہ،برطانیہ اور اسرائیل کی انٹیلیجینس ایجنسیان ملوث ہیں،سید علی خامنہ ای

زاھدان کے دہشتگردانہ خودکش دھماکوں میں امریکہ،برطانیہ اور اسرائیل کی انٹیلیجینس ایجنسیان ملوث ہیں،سید علی خامنہ ای
تہران:اسلام ٹائمز-رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے  زاھدان شہر  کے سانحہ جامع مسجد کے روز ہفتم کی مناسبت سے ایک پیغام میں امریکہ برطانیہ اور صیہونی حکومت کی انٹلجنس ایجنیسوں کو اس جرم کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں زاھدان کے سانحہ جامع مسجد میں شہید ہونے والوں کے اھل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔آپ نے فرمایا ہے کہ اس طرح کے دہشتگردانہ اقدامات سے دشمنوں کا بنیادی ھدف اختلاف اور مذھبی تفرقہ پھیلانا ہے۔رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں فرمایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ سامراج کے ایجنٹ جو وہابیت اور دیگر ناموں سے کام کر رہے ہیں،اپنے اھداف کو پہنچ سکیں۔
آپ نے فرمایا ہے کہ ایران جو کہ کئی عشروں سے غزہ کے مظلوم عوام،فلسطین،افغانستان،کشمیر اور دیگر اسلامی علاقوں کا سب سے بڑا اور قابل اطمینان حامی رہا ہے،آج امریکہ،صیہونی حکومت اور برطانیہ کی انٹلجنس ایجنسیوں کی ان خبیث سازشوں کا نشانہ بن رہا ہے،تاکہ ان کے خیال خام میں مذھبی فتنے اور شیعہ سنی اختلافات میں گرفتار ہو جائے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں تاکید فرمائي ہے کہ وہ لوگ اس بات سے غافل ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں اھل سنت نے بھی اپنے شیعہ بھائيوں کی طرح بارہا مقدس اسلامی نظام کے لئے اپنی وفاداری کے ثبوت پیش کئے ہیں اور اپنی بہادری اور ایمان کا ثبوت دیتے ہوئے سامراج اور اسکے ایجنٹوں کے مقابل اسلامی جمہوریہ ایران اور اپنے وطن عزیز کادفاع کیا ہے۔رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اندھی اور وحشیانہ دہشتگردی کو امریکہ برطانیہ اور ان کے سرکاری ایجنٹوں کی خباثت آلود پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا،اور فرمایا کہ تمام مسلمانوں پر واجب ہے کہ اس منحوس مولود کا جو کہ روی زمیں پر فساد اور خدا سے جنگ کرنے کا واضح مصداق ہے،مقابلہ کریں۔
یاد رہے پندرہ جولائي کو ایران کے جنوب مشرقی شہر زاھدان کی جامع مسجد کے سامنے دوخودکش دہشتگردانہ بم دھماکے ہوئے تھے،جنمیں ستائیس افراد شہید اور تین سو کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ متحد ہو کر امریکی اور برطانوی ظالمانہ دہشتگردی کا مقابلہ کریں۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی اور برطانوی پالیسیوں کی وجہ سے خطے میں دہشتگردی پیدا ہو رہی ہے۔انھوں نے زاہدان میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکوں میں امریکہ اور برطانیہ کا ہاتھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 31727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش