0
Monday 4 Nov 2013 21:25

سعودی عرب کی حیثیت عرب دنیا میں ایک حقیقی سینئر کھلاڑی کی ہے، جان کیری

سعودی عرب کی حیثیت عرب دنیا میں ایک حقیقی سینئر کھلاڑی کی ہے، جان کیری
اسلام ٹائمز: امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکی سعودی تعلقات آئندہ بھی ٹریک پر رہنے چاہییں۔ انہوں نے یہ بات آج پیر کو ریاض میں کہی۔ امریکی وزیر خارجہ نے پہلے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ سعود الفیصل سے ملاقات کی۔ بعد میں انہیں شاہ عبداللہ سے ملنا تھا، جو وزیر خارجہ بننے کے بعد سے جان کیری کی شاہ عبداللہ کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات ہو گی۔ ریاض میں امریکی سفارت خانے کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت واشنگٹن کو سعودی رہنماؤں سے بہت سی باتیں کرنا ہیں، امریکا اور سعودی عرب کے روابط حسب معمول ٹریک پر رہنے چاہییں۔ کیری شام کی خانہ جنگی اور ایران کی وجہ سے سعودی عرب میں پائی جانے والی تشویش کے ازالے کے لیے اس وقت ریاض کے دورے پر ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کو اپنے موجودہ دورہء سعودی عرب کے دوران شاہ عبداللہ سے مذاکرات کرنا ہیں، مشرق وسطیٰ کے لیے موجودہ امریکی پالیسی پر اس وقت خطے میں کافی عدم اطمینان پایا جاتا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق واشنگٹن نے جان کیری کو اس لیے جلدی میں سعودی عرب کے دورے پر بھیجا ہے تاکہ وہ واشنگٹن اور ریاض کے باہمی تعلقات میں نظر آنے والے موجودہ کھچاؤ کا ازالہ کر سکیں۔ سعودی حکومت کے اعلیٰ اہلکاروں کی طرف سے حالیہ ہفتوں کے دوران ایسی شکایات سننے میں آئی تھیں جو غیر معمولی تھیں۔ خاص طور پر شام کے خونریز تنازعے اور اسلامی جمہوری ایران کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے امریکی سیاست پر ریاض حکومت نے تنقید کی تھی۔ اس پس منظر میں جان کیری نے ریاض میں امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں سے اپنے خطاب میں اعتراف کیا ہے کہ عرب دنیا میں آنے والی سیاسی تبدیلیوں کے بعد سے خطے میں حالات مشکل ہو چکے ہیں۔ لیبیا اور شام میں کئی نئے طاقتور شدت پسند گروپ وجود میں آ چکے ہیں اور اسلامی جمہوری ایران پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ شام میں باغیوں کے خلاف صدر بشار الاسد کی حکومت کی مدد کر کے بدامنی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

اس کےعلاوہ ریاض کو یہ تشویش لاحق ہے کہ اسلامی جمہوری ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں بین الاقوامی مذاکرات میں اگر کوئی بڑی پیش رفت ہوئی تو امریکا، سعودی عرب کے دیرینہ حریف کے کچھ قریب آ سکتا ہے۔ دراصل سعودی عرب کو امریکہ کی حمایت میں کمی کا اتنا خوف نہیں جتنا اسلامی جمہوری ایران کی مشکلات میں کمی کا رنج ہے۔ اس حوالے سے شاہ عبداللہ سے ملاقات سے قبل سعودی عرب کی تشویش دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے جان کیری نے پیر کے روز کہا کہ سعودی عرب نے مشرق وسطیٰ میں ہمیشہ اپنا روایتی کردار ادا کیا ہے، سعودی عرب کی حیثیت عرب دنیا میں ایک حقیقی سینئر کھلاڑی کی ہے، جان کیری سعودی دوستوں کو یقین دلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ واشنگٹن اور ریاض کو کئی معاملات پر برابر کی تشویش ہے۔

اس سلسلے میں امریکی وزیر نے مصر میں سیاسی تبدیلیوں کی مشکل صورت حال، شام میں خانہ جنگی اور اسلامی جمہوری ایران کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق خاص طور پر بات کی۔ اس موقع پر ایران کے ایٹمی پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ امریکا اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کے حصول میں کامیاب نہیں ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 317602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش