1
0
Tuesday 5 Nov 2013 13:31

امریکہ اگر کسی کتے کو بھی مارے گا تو اسے شہید کہوں گا، مولانا فضل الرحمان

امریکہ اگر کسی کتے کو بھی مارے گا تو اسے شہید کہوں گا، مولانا فضل الرحمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کسی کتے کو بھی ہلاک کرتا ہے تو وہ اسے شہید ہی سمجھیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ڈرون حملے کے بعد حکومت اور طالبان میں جو تناؤ پیدا ہوا ہے اسے ختم کرنا ہوگا، ہمیں ایک میز پر بیٹھ کر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے اور مذاکرات پر دوبارہ تمام جماعتوں کو اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ مذاکرات کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور ہم ملک کے لئے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، اس لئے کوئی جماعت سولو لائن لے کر ڈیڈ لائن دینے سے گریز کرے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک کی بات نہیں کہ عوام اس وقت بہت اذیت میں ہیں، لیکن موجودہ صورتحال میں حکمت سے کام لینے کی ضرورت ہے، دہشت گردی ایک جماعت کا نہیں بلکہ سب کا مسئلہ ہے اور ڈرون حملے کے بعد ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ طالبان کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر کیسے لایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ کسی کتے کو بھی مارتا ہے تو وہ اسے شہید ہی کہیں گے۔

بعد ازاں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غلط فیصلوں کی وجہ سے آج پوری قوم آگ میں جل رہی ہے لیکن حکومت معاملات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم مختلف دھڑوں میں بٹے ہوئے ہیں، اس لئے مسائل بھی ہمارے قابو سے باہر ہوتے جا رہے ہیں، لیکن اب ہمیں ان مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا اور تحمل اور برداشت کا دامن تھامنا ہوگا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ آج کہا جا رہا ہے کہ ہم پرائی جنگ اپنے گھر لے آئے جو بالکل بجا ہے، پہلے بھی معاملہ افغانستان کا تھا لیکن یہاں دو رائے ہوگئیں اور آج بھی معاملہ حکومت کا نہیں بلکہ ریاست اور قوم کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں امن نہیں ہوگا، معیشت بھی بہتر نہیں ہوگی، قرآن میں بھی امن اور معیشت کو ساتھ بیان کیا گیا ہے لیکن بدقسمتی سے آج جو امن کی بات کرتا ہے اسے مجرم قرار دے دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا کے لئے دو قوتیں لازمی ہیں، ایک دفاعی اور دوسری معاشی لیکن جب اقتصادی قوت کمزور ہوجائے تو پھر دفاعی قوت بھی کامیاب نہیں رہتی۔
خبر کا کوڈ : 317722
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
یہ غلط ہے۔
مولانا نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
کسی قومی اخبار یا ٹی وی کی خبر کا حوالہ دو۔
ہماری پیشکش