QR CodeQR Code

قاتل حکیم اللہ محسود کو شہید قرار دینا شہید کے مرتبے کی توہین ہے، پیپلز پارٹی شہید بھٹو

5 Nov 2013 21:54

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں پی پی شہید بھٹو سندھ کے رہنماﺅں نے کہا کہ القاعدہ اور طالبان کی کارروائیاں امریکی سامراج کے ایجنڈے کی تکمیل میں ان کیلئے معاون ثابت ہوئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) سندھ کے صدر سردار تاج محمد ڈومکی، نائب صدر علی احمد پلیپوتو، ڈاکٹر امداد کھوسو، بنگل چنہ اور پیرل مجید انو ایڈوکیٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے طالبان رہنماء حکیم ﷲ محسود کی ہلاکت کے بعد بعض مذہبی جماعتوں کی جانب سے اسکے سوگ منانے اور اسے موت کے ایک عظیم رتبہ شہادت سے نوازنے کے عمل کو حیرت اور فکر انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، بزرگان دین کی درگاہوں اور مارکیٹوں پر خودکش حملوں کے ذریعے ہزاروں بےگناہ اور معصوم بچوں، بوڑھوں اور عورتوں کے قاتل کو شہید قرار دینا شہید کے مرتبے کی توہین ہے۔ صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں رہنماﺅں نے مزید کہا ہے کہ اقتدار کی بندر بانٹ میں شریک تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اقتدار کی لالچ میں ہمیشہ امریکی مفادات کا تحفظ کرتی آ رہی ہیں جو تاحال جاری ہے۔
 
رہنماﺅں نے مزید کہا کہ یہ بات بھی روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ القاعدہ اور طالبان کی افغانستان اور پاکستان میں موجودگی نے امریکا کو اس خطے میں داخل ہونے کا جواز فراہم کیا اور القاعدہ اور طالبان کی اکثر کارروائیاں امریکی سامراج کے ایجنڈے کی تکمیل میں ان کیلئے ممد و معاون ثابت ہوئی ہیں، اس لئے طالبان اور القاعدہ کی تنظیم پر امریکی سایہ کو کسی بھی صورت میں رد نہیں کیا جا سکتا۔ رہنماﺅں نے اپنے بیان میں عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سامراج نواز حکمران طبقات اور مذہبی انتہاء پسندوں کے خلاف سینہ سپر ہو کر جدوجہد کریں تاکہ حکومتی ایوانوں اور اقتدار اعلیٰ تک عوام دوست اور محب وطن قیادتوں کو پہنچایا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 317926

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/317926/قاتل-حکیم-اللہ-محسود-کو-شہید-قرار-دینا-کے-مرتبے-کی-توہین-ہے-پیپلز-پارٹی-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org