QR CodeQR Code

پرویز مشرف کو سعودی عرب اور امریکہ رہا کرا رہا ہے،جمشید دستی

7 Nov 2013 13:26

اسلام ٹائمز:نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آزاد رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم بزدل، بے حس اور کیدڑ ہیں، ہماری پالیسیاں باہر بنتی ہیں، پارلیمنٹ جھوٹ بولتی ہے، ہمارے پاس ڈرون گرانے کی صلاحیت ہے لیکن ہم جان بوجھ کر نہیں گراتے اور ڈرون کا معاہدہ کرنیوالے کو رہا کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ ہم گیڈر، کمزور اور بے حس ہو چکے ہیں، ہماری قراردادیں بھی دو نمبر ہیں جن پر عمل نہیں ہوتا۔ جب تک امریکا نہیں چاہتا، ڈرون حملے نہیں رکیں گے، ہماری پارلیمنٹ سچ نہیں بولتی۔ انھوں نے ایکسپریس نیوزکے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں کہا کہ اگر ہم کمزور گیڈر نہ ہوتے تو آج ایک آمر کو رہا نہ کرتے، ایک ایسا آمر جس نے آئین توڑا اور ملک میں ڈرون حملوں کی اجازت دی، مشرف کی رہائی ایک معاہدے کے تحت ہوئی ہے جس میں سعودی عرب اور امریکا شامل ہیں۔ ہماری خارجہ پالیسی امریکا کے ہاتھ میں ہے ہمارے فیصلے باہر ہوتے ہیں۔ ہمارے پاس صلاحیت ہے لیکن ہم ڈرون نہیں گراتے۔

نواز شریف نے ڈرون گرانے کی مشق دیکھی ہے تو اصلی ڈرون بھی گرا دیں۔ ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی نے کہا مشرف کے خلاف سارے مقدمات عدالتوں میں تھے ہم نے تو ان کے مقدمات ختم نہیں کیے عدالتوں نے انھیں رہا کیا ہے اگر کسی کو مشرف کے بارے فیصلوں پر اعتراض ہے تو وہ عدالت میں جائے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرا نے کہا جب حکومت کا رویہ برا ہو گا تو اپوزیشن بھی سڑکوں پر ہی آئے گی۔ ہم طالبان سے مذاکرات کے حق میں ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اگر ہماری حکومت ہوتی تو ہم ڈرون مار گراتے۔ اتنے لوگ مرے ہیں لیکن وزیر داخلہ کبھی کسی کی تعزیت کے لیے نہیں گئے جب ہم نے مرنا ہی ہے تو پھر شیر کی طرح کیوں نہ مریں۔


خبر کا کوڈ: 318491

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/318491/پرویز-مشرف-کو-سعودی-عرب-اور-امریکہ-رہا-کرا-ہے-جمشید-دستی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org