0
Thursday 7 Nov 2013 13:57

امریکہ کا قونصل خانے کیلئے لاہور کے علاقہ بیدیاں میں 50 ایکڑ رقبہ لینے پر اصرار

امریکہ کا قونصل خانے کیلئے لاہور کے علاقہ بیدیاں میں 50 ایکڑ رقبہ لینے پر اصرار
اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے حکومت کی اپیل پر ڈرون حملے تو بند نہیں کئے البتہ لاہور میں بیدیاں روڈ پر نئے قونصلیٹ کیلئے پچاس ایکڑ رقبے کا مطالبہ ضرور کر دیا ہے جس پر پنجاب حکومت نے صرف دو ایکڑ رقبہ دینے پر رضا مندی ظاہر کی تو امریکی ناراض ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے امریکن قونصلیٹ کے اہلکار کو ہربنس پورہ، ڈیفنس فیز فائیو اور بیدیاں روڈ پر سرکاری زمین کا وزٹ کرایا۔ قونصلیٹ کے اہل کار نے ہربنس پورہ اور ڈیفنس فیز فائیو میں جگہ کم ہونے کے باعث بیدیاں روڈ پر بڑا رقبہ دیکھ کر یہاں قونصلیٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا اور حکومت سے یہاں پچاس ایکڑ اراضی لینے کا مطالبہ کر دیا۔ اس بارے میں امریکی سفارت خانے نے بھی حکومت پر دباؤ ڈالا لیکن پنجاب حکومت نے موجودہ حالات کے تناظر میں قونصلیٹ کے لئے صرف دو ایکڑ جگہ دینے کی حامی بھری ہے تاہم امریکی عہدیدار نے پچاس ایکڑ سے کم جگہ لینے سے انکار کر دیا۔ بیدیاں روڈ پر ایلیٹ ٹریننگ سنٹر کے قریب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جگہ پر پنجاب حکومت نے لائیو سٹاک کا ریسرچ سنٹر بنا رکھا ہے اسی جگہ کو قونصلیٹ کے لئے پسند کیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے امریکی دباؤ پر پچاس ایکڑ اراضی دے دی تو یہاں سے لائیو سٹاک ریسرچ سنٹر کو کسی اور جگہ منتقل کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب عوامی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ لاہور جیسے شہر اور حساس علاقے میں امریکہ کو اپنا قونصلیٹ بنانے کی آخر کیوں ضرورت پیش آئی ہے، جبکہ اس سے قبل اسلام آباد میں بھی امریکہ بہت بڑا سفارت خانہ قائم کر چکا ہے جس میں جہازوں کے اترنے کی بھی باقاعدہ جگہ بنائی گئی ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق یہ سنٹر قونصلیٹ نہیں بلکہ جاسوسی کے مراکز ہوں گے جہاں سے امریکہ پورے ملک کو کنٹرول کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ امریکہ قونصلیٹ کے لئے دو ایکڑ اراضی بھی زیادہ ہے قونصلیٹ کیلئے چند مرلے ہی کافی ہیں، پنجاب حکومت اپنی اس پیش کش پر غور کرئے اور دو ایکڑ سے بھی کم اراضی دے جبکہ مذہبی حلقوں نے لاہور میں امریکی قونصلیٹ کی قیام کی ہی مخالفت کی ہے۔ مختلف مذہبی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ امریکہ ہمیشہ غیر سفارتی حرکات کا مرتکب ہوا ہے اور یہاں قونصلیٹ کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے لہذا ملکی سلامتی کے پیش نظر امریکہ کو قونصلیٹ کے لئے اتنی زیادہ جگہ فراہم نہ کرئے۔
خبر کا کوڈ : 318507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش