0
Thursday 7 Nov 2013 15:55

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کی مولانا تنویرالحق تھانوی اور علامہ طالب جوہری سے ملاقات

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کی مولانا تنویرالحق تھانوی اور علامہ طالب جوہری سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے، بھائی چارگی کے فروغ اور شہر میں قیام امن کیلئے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان، منتخب عوامی نمائندوں اور ایم کیو ایم کے ذمہ داران پر مشتمل وفود کی مختلف مکاتب سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام مشائخ عظام، مذہبی اسکالرز، مفتیان کرام، نعت و ثناء خواں حضرات اور مختلف مسالک کی تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان خالد سلطان اور عادل خان کے ہمراہ ایم کیو ایم کے وفد نے ممتاز عالم دین و مذہبی اسکالر مولانا تنویر الحق تھانوی اور معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری سے ملاقات کی اور انہیں محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارگی اور قیام امن کے حوالے سے الطاف حسین کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر مولانا تنویر الحق تھانوی اور علامہ طالب جوہری نے محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی عملی کاوشوں کو سراہتے ہوئے الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت و تندرستی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔

خالد سلطان اور عادل خان کہا کہ الطاف حسین ملک کو فرقہ واریت سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں اور محرم الحرام اور دیگر اسلامی تہواروں کے موقع پر جو عناصر نفرتوں کی دیواریں کھڑی کرکے فرقہ واریت کو ہوا دیتے ہیں وہ دراصل اتحاد بین المسلمین کو نقصان پہچانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے مولانا تنویر الحق تھانوی اور علامہ طالب جوہری سمیت تمام مکاتب فکرسے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران اپنے خطبات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کا درس دیں اور کوئی ایسی بات نہ کریں جس سے سازشی عناصر کو اشتعال انگیزی کا موقع مل سکے۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ ایم کیو ایم اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے اپنی کوششوں اور فرائض سے کسی صورت غافل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم محرم الحرام میں شیعہ علمائے کرام، شیعہ انجمنوں اور دیگر مسالک کے علمائے کرام کے ساتھ مل کر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنی عملی کوششیں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ : 318576
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش