0
Thursday 7 Nov 2013 22:53
امریکہ سے دوستی خودکشی کا راستہ ہے

کالعدم تحریک طالبان نے ملا فضل ﷲ کو امیر بنا کر پاکستان دشمنی ثابت کر دی، صاحبزادہ حامد رضا

کالعدم تحریک طالبان نے ملا فضل ﷲ کو امیر بنا کر پاکستان دشمنی ثابت کر دی، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کے قاتل کو شہید قرار نہیں دیا جاسکتا، امریکہ نے مسلمانوں کے خلاف صلیبی جنگ شروع کر رکھی ہے، ڈرون حملوں کو دہشت گردی کا جواز بنانا درست نہیں، امریکی ظلم کا بدلہ بے گناہ پاکستانیوں سے لینا کہاں کی شریعت ہے، ڈرون والوں سے ڈرنا نہیں لڑنا ہوگا۔ طالبان نے ملا فضل ﷲ کو امیر بنا کر پاکستان دشمنی ثابت کر دی ہے، کیونکہ فضل ﷲ افغانستان میں امریکی چھتری تلے بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی تازہ لہر الارمنگ ہے، کراچی کے لوگ جرم بے گناہی کی سزا بھگت رہے ہیں، مسلح ونگز رکھنے والی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے، پاکستان میں عراق اور افغانستان جیسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں، قومی قیادت ڈرونز گرانے اور نیٹو سپلائی بند کرنے کے ایجنڈے پر متحد ہو جائے، ڈرون حملے ملک کی سلامتی، آزادی اور خودمختاری کو تار تار کر رہے ہیں، قوم اور قیادت دہشت گردوں اور امریکہ کے خلاف متحد اور یکسو ہو جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ظلم کے خلاف حق کی آواز بن کر ڈٹ جانا درسِ حسینیت ہے، حکمرانوں کی بے حسی اور بے تدبیری کی وجہ سے ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملتا ہے، پاکستان کو اندرونی و بیرونی سازشوں سے پاک کرنا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، آنکھیں دکھانے والے امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا ہوگی، حکمران امریکہ سے دب کر نہیں ڈٹ کر بات کریں، امریکہ سے دوستی خودکشی کا راستہ ہے۔ فوری اور سخت فیصلے نہ کیے گئے تو ملک خوفناک صورتحال سے دوچار ہوسکتا ہے۔ فیصلے کی گھڑی میں حکمرانوں کے تدبر کا امتحان شروع ہوگیا ہے۔ کراچی کے لوگ بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ محرم میں قیام امن کے لیے تمام مکاتب فکر اپنا کردار ادا کریں اور محرم میں خونریزی کی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔ امریکہ اور پاکستانی طالبان دونوں پاکستان کے دشمن ہیں۔ حکومت امریکہ نواز پالیسیاں تبدیل کرے۔
خبر کا کوڈ : 318699
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش