0
Saturday 9 Nov 2013 20:18

علامہ محمد اقبال کا یوم ولادت ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

علامہ محمد اقبال کا یوم ولادت ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا گیا
اسلام ٹائمز۔حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 137 واں یوم ولادت ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا گیا جبکہ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کے چاک وچوبند دستے نے اپنے فرائض سبنھال لیے۔ علامہ اقبال کی شاعری زندہ شاعری ہے جو ہمیشہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ بنی رہے گی، یہی وجہ ہے کہ کلام اقبال دنیا کے ہر حصے میں پڑھا جاتا ہے اور برصغیر کے مسلمان اس کا بڑی عقیدت کے ساتھ مطالعہ کرتے اور ان کے فلسفے کو سمجھتے ہیں، اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کیا، ان کی کئی کتابوں کے انگریزی، جرمنی، فرانسیسی، چینی، جاپانی اور دیگر زبانوں میں ترجمے ہو چکے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ غیر ملکی بھی آپ کے کلام اور فلسفے کے قائل ہیں۔

لاہور میں مسلمانوں کو فکری پسماندگی اور خواب غفلت سے بیدار کرنے والے شاعر مشرق کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جہاں پاک نیوی کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنھبالے اور انہیں سلامی پیش کی، نیوی کے اسٹیشن کمانڈر کموڈور اکبر نقی نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صوبائی وزیر رانا مشہود احمد اور دیگر اہم شخصیات نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے جبکہ ملک میں عام تعطیل کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد بھی مزار اقبال پر پہنچی۔ دوسری جانب یوم ولادت اقبال کے موقع پر ملک بھر میں سیمینارز منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں نئی نسل کو اقبال کے کلام سے روشناس کرایا گیا اور ان میں اقبال کے فلسفے کی روح پھونکنے کی کوشش کی گئی جبکہ چند ایک مقامات پر موقع کی مناسبت سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 319379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش