QR CodeQR Code

کیانی ملازمت میں توسیع مسترد کر دیتے تو بہتر ہوتا،حمید گل،فیصلہ وقت کی ضرورت ہے،دہشت گردوں کے حوصلے پست ہوں گے،ماہرین

23 Jul 2010 07:31

اسلام ٹائمز:جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ماہرین نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے،اس فیصلے سے دہشتگردوں کے حوصلے پست ہونگے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو تقویت ملے گی


کراچی،لاہور:اسلام ٹائمز-وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں 29 نومبر سے تین سال کی توسیع پر عسکری ماہرین،مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور دیگر ماہرین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے کہا ہے کہ اگر جنرل اشفاق پرویز کیانی ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ازخود مسترد کر دیتے تو بہتر ہوتا۔جس پر آج نیوز سے گفتگو میں سابق جنرل حمید گل نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ کے پس منظر میں یہ فیصلہ غیر معمولی نوعیت کا ہے۔یہ معاملہ این آر او کے تناظر میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ فیصلہ نہ ہوتا تو بہتر ہوتا۔
جمعیت العلمائے اسلام کے رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ملازمت میں توسیع کا فیصلہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ امریکی دباؤ کا نتیجہ ہے،جس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔حافظ حسین نے کہا کہ شخصیات کو ترجیح دینا اداروں کی صحت کیلئے مضر ہے۔وزیراعظم کو یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیکر کرنا چاہئے تھا۔ 
جے یو پی کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مدت ملازمت میں توسیع دینے کا رواج بڑھ چکا ہے،جس سے بعد میں آنے والوں کی حق تلفی ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اس لیے کی گئی ہے کہ امریکی پالیسیوں کو آگے بڑھایا جائے۔
نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع خوش آئند ہے۔آرمی چیف ایک عرصے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں برسر پیکار رہے ہیں اور انہیں اس جنگ کے تکنیکی امور پر دسترس حاصل ہے،لہٰذا ان کی مدت ملازمت میں توسیع سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو تقویت ملے گی۔
تحریک استقلال کے صدر رحمت خان وردگ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دہشت گردوں کے حوصلے پست ہونگے۔وزیراعظم کا یہ فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق ہے۔
لاہور سے نمائندہ جنگ کے مطابق یہ بات دفاعی ماہرین میجر جنرل (ر) جمشید ایاز،جنرل (ر) طلعت مسعود،بریگیڈیئر (ر) محمود شاہ اور سینئر تجزیہ نگار شفقت محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین سالہ توسیع مقامی اور بین الاقوامی حالات،تقاضوں کے مطابق ایک مستحسن فیصلہ ہے۔جبکہ عاصمہ جہانگیر نے اسے حکومت کی جانب سے اپنی قبر خود کھودنے کے مترادف قرار دیا،جنرل (ر) طلعت مسعود نے کہا کہ فوج کو اس وقت ایک پیشہ ور قیادت میں تسلسل کی ضرورت تھی،میجر جنرل (ر) جمشید ایاز نے کہا کہ ہم اس وقت دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں ہیں۔بریگیڈیئر(ر) محمود شاہ نے کہا کہ یہ حالات کے مطابق ایک اچھا فیصلہ ہے،شفقت محمود نے کہا کہ جنرل کیانی نے جمہوریت سپریم کورٹ اور سیاسی استحکام کیلئے حکومت کو مثبت مشورے دیے ہیں اور اسے انتہائی احتیاط کے ساتھ سلجھایا ہے۔


خبر کا کوڈ: 31940

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/31940/کیانی-ملازمت-میں-توسیع-مسترد-کر-دیتے-بہتر-ہوتا-حمید-گل-فیصلہ-وقت-کی-ضرورت-ہے-دہشت-گردوں-کے-حوصلے-پست-ہوں-گے-ماہرین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org