0
Saturday 9 Nov 2013 23:36

بلوچستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے وزیراعلٰی نے اہم اجلاس طلب کر لیا

بلوچستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے وزیراعلٰی نے اہم اجلاس طلب کر لیا

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اتوار کو شیعہ سنی علمائے کرام سمیت تمام مکاتب فکر کے اہل علم و دانش طبقہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔ بلوچستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام اور خاص طور پر محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے آج اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شیعہ سنی مسالک کے علماء کرام سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کا مقصد مذہبی یکجہتی و ہم آہنگی کو پروان چڑھانا ہے تاکہ عقیدہ، مذہب اور فرقہ کی بنیاد پر عوام کو آپس میں لڑانے اور اشتعال انگیزی پھیلانے والے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور عوام سے بھی خصوصاً اپیل کی جائے گی، کہ وہ محرم الحرام میں ہونے والی مجالس، جلوس، خطبات اور محافل میں بھائی چارگی کے قیام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور ایک دوسرے کو احترام کا درس دیں، تاکہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ سیاسی جمہوری حکومت کو اس کا بخوبی ادراک ہے کہ فرقہ واریت نہ صرف عالم اسلام کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، بلکہ موجودہ حکومت کا واضح مؤقف رہا ہے کہ بلوچستان میں تنگ نظری، تعصب پسندی، مذہبی منافرت، انتہاء پسندی اور جنونیت کی کوئی گنجائش نہیں۔ بلوچستان کے پرامن معاشرے میں اشتعال انگیزی اور انارکی کو پھیلایا گیا ہے۔ دنیا کی کوئی بھی حکومت معاشرے میں انارکی کے ہوتے ہوئے عوام کو امن و تحفظ فراہم نہیں کرسکتی۔ وہی حکومت امن و تحفظ کی فراہمی میں کامیاب ہو سکتی ہے، جو پہلے اس طرح کی انارکی اور غیر یقینی صورتحال کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے شیعہ سنی علماء کرام اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا اہم اجلاس آج اتوار کو 12 بجے وزیراعلٰی سیکرٹریٹ میں طلب کیا ہے۔ تاکہ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کو پروان چڑھایا جا سکے۔

خبر کا کوڈ : 319426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش