QR CodeQR Code

معرکہ کربلا ہمیں جبر کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑا ہونا سکھاتا ہے، یاسین ملک

10 Nov 2013 07:36

اسلام ٹائمز: لبریشن فرنٹ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ دشمن چاہتے ہیں کہ مسلمان اپنے فروعی اور معمولی مسائل میں اُلجھے رہیں اور کبھی ایک نہ ہوں، ہمارے یہاں آکر اپنے شیعہ بھائیوں کے ساتھ بیٹھنا اور اظہار یکجہتی کرنا انہی ازلی دشمنوں انکی تدابیر اور سازشوں کو شکست دے کر اتحاد و اخوت کو فروغ دینے کی کاوش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ ”عالم اسلام جسد واحد کی مانند ایک ہوجائے تو دنیا کی قیادت ایک بار پھر سنبھال سکتا ہے، ہم سبھی ایک اللہ ایک نبی، ایک ہی قرآن اور ایک قبلہ کے ماننے والے ہیں اسلئے ہمیں اپنے فروعی اور مسلکی اختلافات کو پس پشت رکھ کر ایک ملت بننا ہوگا‘‘، یاسین ملک نے ان باتوں کا اظہار کل سرینگر کے سعدہ کدل عشائی باغ میں منعقدہ ایک مجلس عزاداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ہم جانتے ہیں کہ مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق کے ازلی دشمن ہم میں تفرقہ ڈال کر ہمیں بانٹنے کے درپے ہیں۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ مسلمان اپنے فروعی اور معمولی مسائل میں اُلجھے رہیں اور کبھی ایک نہ ہوں، ہمارے یہاں آکر اپنے شیعہ بھائیوں کے ساتھ بیٹھنا اور اظہار یکجہتی کرنا انہی ازلی دشمنوں انکی تدابیر اور سازشوں کو شکست دے کر اتحاد و اخوت کو فروغ دینے کی کاوش ہے، یاسین ملک نے کہا کہ آل و اصحاب رسول ہم سب کےلئے قابل احترام ہیں اور کربلا میں مظلومیت کی حالت میں شہید کئے گئے امام حسین (ع) بھی ہم سب کے ہیں، کوئی مسلمان کربلا میں شہید کئے گئے مظلوم آل رسول کے غم سے جدا نہیں رہ سکتا۔

یاسین ملک نے کہا کہ کربلا کے معرکے سے جو سبق ہم سبھی کو ملتا ہے وہ یہ ہے کہ ہمیں جبر کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہنا چاہئے۔ حسینیت کا تقاضہ یہ ہے کہ ہم سبھی مظلومین کے طرف دار بنیں نہ کہ ظالم و جابر کے ہاتھوں کو مضبوطی دینے کا کام کریں، یاسین ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں کی جدوجہد آزادی بھی مظلوم قوم کی ظالم و جابر کے خلاف معرکہ آرائی ہے اور اس معرکہ آرائی میں بھی ہم سبھی کو مظلوم و مقہور کا ساتھ دینا چاہیے، بعد ازاں یاسین ملک اور اراکین وفد عزاداری کے سلسلے میں نکالے گئے جلوس میں بھی شامل ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 319448

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/319448/معرکہ-کربلا-ہمیں-جبر-کے-خلاف-سیسہ-پلائی-ہوئی-دیوار-کی-مانند-کھڑا-ہونا-سکھاتا-ہے-یاسین-ملک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org