QR CodeQR Code

جنیوا مذاکرات مفید اور تعمیری تھے، اگلا دور 20 نومبر کو ہوگا

10 Nov 2013 12:07

اسلام ٹائمز: مشترکہ پریس کانفرنس مِیں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات بڑے اچھے ماحول میں ہوئے، ہم ایک دوسرے کیساتھ تعاون کر رہے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ ہونے والے مذاکرات میں ہم کسی معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران اور گروہ پانچ جمع ایک کے درمیان سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والے تین روزہ مذاکرات اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔ یہ مذاکرات جمعرات کو شروع ہوئے تھے اور طے یہ تھا کہ یہ مذاکرات جمعہ کے روز اختتام پذیر ہوجائیں گے، لیکن چھ عالمی طاقتوں کے درمیان پائے جانے والے اختلاف نظر کے باعث یہ مذاکرات ہفتے اور پھر اتوار کی رات تک جاری رہے۔ مذاکرات کے اختتام پر فرانس کے وزیر خارجہ لورینٹ فیبئس نے کہا کہ ایران کے ساتھ وزراء خارجہ کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں کسی سمجھوتے تک نہیں پہنچا جاسکا۔ فرانسیی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ان مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے لیکن ابھی تک کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے، کیونکہ بہت سے سوالات ایسے ہیں جن کے جواب آنا ابھی باقی ہیں۔

دوسری جانب اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورپی یونین کی سیاست خارجہ کی سربراہ کیتھرین آشٹن کی ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ مذاکرات بہت مفید اور تعمیری تھے اور ان میں پیشرفت حاصل ہوئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کے ذریعے فریقین میں بعض مسائل پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میں قطعاً ان مذاکرات سے مایوس نہیں ہوں، کیونکہ ہمارے درمیان طولانی مذاکرات ہوئے ہیں جو آدھی رات کے بعد تک جاری رہے، مذاکرات بڑے اچھے ماحول میں ہوئے، ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ ہونے والے مذاکرات میں ہم کسی معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں یورپی یونیں کی سیاست خارجہ کی سربراہ کیتھرین آشٹن نے بھی مذاکرات کو مفید اور تعمیری قرار دیا، انکا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کے ذریعے ہم نے اہم پیشرفت کی ہے۔ یورپی یونین کی سیاست خارجہ کی سربراہ نے مزید کہا کہ ابھی کچھ مسائل باقی ہیں اور امید ہے کہ آئندہ ہونے والے مذاکرت میں ان مسائل کو بھی حل کر لیا جائے گا۔ کیتھرین آشٹن کا خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو مِیں کہنا تھا کہ ہمارا ہدف کسی نتیجے تک پہنچنا ہے اسی لئے ہم دوبارہ جینوا آئیں گے اور مذاکرات کو کسی حتمی نتیجہ تک پہچانے کی کوشش کریں گے۔ یورپی یونین کی سیاست خارجہ کی سربراہ کیتھریں آشٹن نے اعلان کیا کہ اسلامی جمہوری ایران اور جرمنی سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 20 نومبر کو ہوگا۔

ادھر اسلامی جمہوری ایران کے نائب وزیر خارجہ اور ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کے رکن سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہماری مذاکراتی ٹیم معاہدے کے مشترکہ بیانیہ کے لئے عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔ عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے وزراء خارجہ کسی حتمی نتیجے تک پہچنے کیلئے مذاکرات کریں گے۔


دیگر ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ ایران اور گروپ 1+5 کے مابین ہونے والے مذاکرات میں ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ایک سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ جنیوا سے ایسوشیٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے اختتام پر کہا ہر چند کہ مذاکرات ختم ہوگئے ہیں لیکن اس میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور ہم ایک سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ایران اور1+5 کے مابین ہونے والے مذاکرات کا اگلا دور 20 نومبر کو دوبارہ ہوگا۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مذاکرات کے اختتام پر کیتھرین اسٹن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کے بعد اب مذاکرات کا اگلا دور 20 نومبر کو دوبارہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 319483

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/319483/جنیوا-مذاکرات-مفید-اور-تعمیری-تھے-اگلا-دور-20-نومبر-کو-ہوگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org