QR CodeQR Code

عزاداری سیدالشہداء(ع) میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے

حکومت محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنائے، علامہ ساجد نقوی

11 Nov 2013 20:56

اسلام ٹائمز: سربراہ ایس یو سی نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے وہ انتظامات نہیں کئے گئے جنکی ضرورت تھی، اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حکومت محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنائے، بعض جگہوں پر روایتی جلوس و مجالس ہائے عزاء بپاء کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، عزاداری سیدالشہداءؑ کے سلسلے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے، حکومت آئینی، مذہبی و شہری آزادیوں کو سلب کرنے سے گریز کرے، علمائے کرام اسوہ حسینی ؑپر عمل کرتے ہوئے اتحاد و رواداری کا درس دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ملنے والے علمائے کرام کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی امن وامان کی مجموعی صورتحال کشیدہ ہے جبکہ محرم الحرام میں حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے وہ انتظامات نہیں کئے گئے جن کی ضرورت تھی، اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات اٹھائے اور زبانی جمع خرچ سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے بعض حصوں میں روایتی جلوس و مجالس ہائے عزا بپا کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں اور مختلف بہانے تراشے جارہے ہیں ہم حکومت پر یہ بات واضح کردینا چاہتے ہیں کہ عزاداری سید الشہداء صدیوں سے جاری ہے اور تاقیامت جاری رہے گی اور اس سلسلے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائےگا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے زور دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں تمام مذاہب و مسالک کو ان کی مذہبی عبادات ادا کر نے کا پورا حق آئین پاکستان نے دیا ہے جبکہ حکومت حیلے بہانے استعمال کرکے عوام کے آئینی، مذہبی و شہری آزادیوں کے حقوق کو سلب کرنے سے گریز کرے۔ اس موقع پر انہوں نے علمائے کرام پر زور دیتے ہوئے کہاکہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کے اسوہ پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں وحدت کو فروغ دیا جائے اور مجالس میں علمائے کرام اتحاد و روداری اور علم کو موضوع سخن بنائیں کیونکہ تعلیم، اتحاد اور روداری سے ہی ملک و قوم ترقی کرسکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 319999

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/319999/حکومت-محرم-الحرام-میں-سکیورٹی-انتظامات-کو-فول-پروف-بنائے-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org