QR CodeQR Code

بلدیاتی انتخابات جمہوریت کے استحکام کیلئے ناگزیر ہیں، نواب ثناءاللہ زہری

13 Nov 2013 00:36

اسلام ٹائمز: مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صوبائی صدر کا کوئٹہ میں پرنٹ میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں نان ایشو پر سیاست چمکانے کیلئے بےجا شور و غل کر رہی ہیں۔ یہ کسی طرح بھی جمہوریت یا قوم کی خدمت نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے جمہوریت مضبوط و مستحکم ہو گی۔ اپوزیشن جماعتیں بےجا ڈرامے بازی کرکے قومی مسائل کو الجھانے کا باعث بن رہی ہیں۔ نواب ثناءاللہ زہری نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی جمہوری نظام کے استحکام کیلئے مسلم لیگ (ن) کی خدمات ناقابل فرمواش ہیں۔ اقتدار کی نچلے سطح تک منتقلی سے عوام کے مسائل مثبت انداز میں حل ہونگے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام مخلص اور دیانتدار نمائندوں کو منتخب کریں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے مخلصانہ اقدامات کر رہی ہے، انشاءاللہ بہت جلد ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف پاکستان کو ایشیا ٹائیگر بنانے کیلئے مشکل حالات میں مضبوط فیصلے کر رہے ہیں۔ خوشحالی اور خودمختار پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا وژن ہے۔ سابقہ حکومتوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے پاکستان کے وقار کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوئی اور کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے گئے۔ جس سے پورا قومی ڈھانچہ اپنی افادیت کھو چکا ہے۔ آج مسلم لیگ (ن) کی قیادت پاکستان کی تعمیر کیلئے قومی جذبوں کے ساتھ صحیح راستے پر پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ جس کے لئے قوم کو صبر و ہمت کے ساتھ مشکل حالات کا سامنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور بلدیاتی ادارے عوامی خدمت میں بھرپور کردار ادا کر سکیں گے۔ انتخابات میں کئے گئے تمام وعدے میاں نواز شریف پورے کریں گے، مگر اپوزیشن جماعتیں نان ایشو پر سیاست چمکانے کیلئے بےجا شور و غل کر رہی ہیں۔ یہ کسی طرح بھی جمہوریت یا قوم کی خدمت نہیں۔ آج قوم انتہائی پریشانی کے عالم میں ہے۔ تو اپوزیشن جماعتیں بےجا ڈرامے بازی کرکے قومی مسائل کو الجھانے کا باعث بن رہی ہیں۔ انہیں یہ سب کچھ چھوڑ کر حکومت کے ساتھ قومی فلاحی پروگراموں میں ساتھ دینا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 320429

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/320429/بلدیاتی-انتخابات-جمہوریت-کے-استحکام-کیلئے-ناگزیر-ہیں-نواب-ثناءاللہ-زہری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org