0
Wednesday 13 Nov 2013 12:52

سپریم کورٹ مان گئی، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخیں صوبوں کے ساتھ ملکر طے کرے، چیف جسٹس کا حکم

سپریم کورٹ مان گئی، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخیں صوبوں کے ساتھ ملکر طے کرے، چیف جسٹس کا حکم
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا نیا شیڈول منظور کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتیں مل کر بلدیاتی انتخابات کی تاریخیں طے کریں، عدالت اپنی کوئی آبزرویشن نہیں دے گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کیس کی سماعت کی۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن کی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کیلئے درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیے ہیں کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن کمیشن بال کبھی سپریم کورٹ اور کبھی صوبوں کی کورٹ میں پھینکتا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی درخواست پر تاریخیں مقرر ہوئیں، ہمارا فرض صرف آئین کا نفاذ کرنا ہے، بدقسمتی کی بات ہے ہر کوئی آئین کے نفاذ میں تاخیر کر رہا ہے۔

جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ 3 سال 7 ماہ گزر جانے کے بعد کیسے کہہ سکتے ہیں کہ سیاہی اور کاغذ نہیں، اپریل 2010ء سے بات سامنے ہے، الیکشن کمیشن کا الیکشن کے سوا کوئی کام نہیں۔ ڈی جی الیکشن کمیشن کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا گیا تھا جس میں پنجاب میں 30 جنوری، سندھ میں 18 جنوری جبکہ خیبر پختونخوا میں فروری میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں شیڈول کے مطابق 7 دسمبر کو انتخابات کرائے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے استدعا کی کہ بلدیاتی انتخابات میں التواء کی اجازت دی جائے۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے گذشتہ روز بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے ایک اور قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی تھی، تحریک انصاف کے عارف علوی کی پیش کردہ متفقہ قرار داد میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن جلد از جلد آئین کے تحت انتخابات کی نئی تاریخ دے، شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس ضمن میں جلد بازی جمہوری عمل کے لیے نقصان دہ ہے، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی قومی اسمبلی میں یہ دوسری قرار داد متفقہ طور پر منظور ہوئی ہے، اس سے پہلے سات نومبر کو تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے بھی یہی قرار داد پیش کی تھی۔ واضح رہے کہ بلدیاتی الیکشن کے التواء کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں متفقہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 320509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش